ہزار مہینوں سے افضل رات آ گئی ،ملک بھر میں شب قدر پر مساجد بھر گئیں ، لاکھوں فرزندان توحید محافل شبینہ اور عبادات میں مصروف،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ہزار مہینوں سے افضل رات آ گئی ،ملک بھر میں شب قدر پر مساجد بھر گئیں ، لاکھوں ...
ہزار مہینوں سے افضل رات آ گئی ،ملک بھر میں شب قدر پر مساجد بھر گئیں ، لاکھوں فرزندان توحید محافل شبینہ اور عبادات میں مصروف،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

  


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے ،ہزار مہینوں سے افضل رات میں لاکھوں فرزندان توحید مساجد میں عبادت گزاری اور رب سے اپنی بخشش کیساتھ پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگ رہے ہیں،پولیس کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق شاہ فیصل مسجد اسلام آباد ،بادشاہی مسجد لاہور سمیت ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں رمضان المبارک کی 27 ویں شب انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر مساجد کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے جبکہ مساجد کی سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عشا ء کے ساتھ ہی اللہ کے گھروں میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں ۔بچوں بڑوں اور خواتین سمیت تمام لوگ اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لئے خصوصی عبادات میں مصروف ہیں اور اپنی مغفرت اور بخشش کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعائیں مانگ رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ملک کی لاکھوں مساجد میں نماز تراویح کے دوران ختم قرآن بھی ہوئے ،مساجد میں محافل شبینہ اورصلوۃالتسبیح کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ملک بھر کی مساجد میں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب عبادت کرنے والوں کے لئے خصوصی طور پر سحری کا انتظام بھی کیا گیاہے جبکہ علمائے کرام شب قدر کی مناسبت سے خصوصی دروس اور خطاب میں شب قدر کی فضیلت اور اس کے تقاضوں کے حوالے سے مسلمانوں کی ذمہ داریوں سے آگاہی کے قرآن و سنت کی روشنی میں لیکچر بھی دے رہے ہیں ۔

مزید : قومی /اہم خبریں