’4 جولائی کو ان 3 اہم ترین ائیرپورٹس پر حملے کریں گے‘ خوفناک دھمکی منظر عام پر آگئی، مسافروں پر شدید گھبراہٹ طاری

’4 جولائی کو ان 3 اہم ترین ائیرپورٹس پر حملے کریں گے‘ خوفناک دھمکی منظر عام ...
’4 جولائی کو ان 3 اہم ترین ائیرپورٹس پر حملے کریں گے‘ خوفناک دھمکی منظر عام پر آگئی، مسافروں پر شدید گھبراہٹ طاری

  


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شام و عراق میں برسرپیکار شدت پسند تنظیم داعش کی طرف سے مغربی ممالک کے اکثر دھمکیاں دی جاتی رہتی ہیں۔ اب شدت پسند تنظیم کے ایک ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے ایسی دھمکی دے دی گئی ہے جس نے مغربی سکیورٹی اداروں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے دھمکی دی گئی ہے کہ ”ہم 4جولائی کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ، لاس اینجلس اور نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر حملے کریں گے۔ “ اگلی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ”مذکورہ ایئرپورٹس میں سے کسی ایک پردھماکہ خیز ڈیوائس نصب کی جائے گی یا ہیتھرو ایئرپورٹ سے پرواز کرنے والے طیاروں کے ذریعے امریکی ایئرپورٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔“داعش کی اس دھمکی کا انکشاف دنیا کی سب سے بڑی غیر سرکاری انسداد دہشتگردی تنظیم ایس آئی ٹی ای نے اپنی ویب سائٹ پر کیا ہے۔

داعش کی طرف سے یہ دھمکی استنبول ایئرپورٹ پر قیامت خیز حملے کے چند دن بعد ہی سامنے آگئی ہے جس سے مغربی عوام مزید خوفزدہ ہو گئے ہیں۔ دھمکی کے بعد برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ لارڈ احمد نے برطانوی عوام کو محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ” ہمیں دہشت گردی کے عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکنا رہنا ہو گا۔ برطانیہ میں ہم ایوی ایشن سکیورٹی کے تمام تر پہلوﺅں کو ہر وقت زیرنگرانی رکھتے ہیں اور اپنے بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں تاکہ اس خطرے کو مل کر ختم کر سکیں۔ ہم مستقبل میں بھی اپنے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاتے رہے گے۔ ان اقدامات کی تفصیل ہم بوجوہ عام نہیں کر سکتے۔

مزید : بین الاقوامی