پانامہ لیکس پر حکومت ہٹ دھرمی کا شکار، تحریک چلانے کے لئے پورے ملک میں تنظیم سازی کا عمل جاری ہے :قمر زمان کائرہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت ہٹ دھرمی کا شکار ہے ، پیپلز پارٹی اتفاق رائے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلے گی، وفاقی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ،وزیر اعظم نواز شریف لندن میں شاپنگ سے فارغ ہو گئے ہوں تو جلد پاکستان واپس آجائیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اجلاس میں تنظیم سازی کیلئے چاروں صوبائی کمیٹیوں کو ہدایت کردی، پیپلز پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے تنظیم کو مضبوط کررہی ہے ، تحریک چلانے کیلئے تنظیم سازی کا کام مکمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، لوڈ شیڈنگ پورے ملک پر ایک عذاب کی طرح مسلط ہے، خاص کر سندھ کے عوام کے ساتھ بہت ظلم کیاجارہا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن نے حکومت کے سارے پوائنٹس مان لئے ہیں تاہم حکومت ہٹ دھرمی سے کام لے رہی ہے، اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر اتفاق رائے سے آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں تلخیاں ہوتی ہیں، انہیں دور کیاجاسکتا ہے، پیپلز پارٹی کے گزشتہ سات سال سے میڈیا ٹرائل کا سامنا ہے، آصف علی زرداری مرضی سے بیرون ملک گئے ہیں اور بہت جلد وطن واپس آجائینگے ۔