بانی ادارہ دارالسلام: کرنل سلامت اللہ

بانی ادارہ دارالسلام: کرنل سلامت اللہ

  

زندہ قومیں ہمیشہ اپنے مشاہیر کو یاد رکھتی ہیں۔ ان کے نقشِ پا آنے والی نسلوں کے لئے منزل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ کرنل ڈاکٹر سلامت اللہ مرحوم کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہے۔ آپ کی 39ویں برسی یکم جولائی 2017ء کو منائی جا رہی ہے۔ دارالسلام لائبریری، دارالسلام مسجد اور گلشن ریسٹورنٹ ہمیشہ الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم کی یاد تازہ کرتے رہیں گے۔ مسجد دارالسلام 1961ء میں تعمیر ہوئی اور 1966ء میں دارالسلام لائبریری قائم کی گئی۔

آپ ایک مخلص علم دوست انسان تھے۔ مساجد،کتب خانے اور علمی مجالس سے انہیں گہری دلچسپی تھی۔ باغ جناح لاہور کے خوشگوار ماحول میں واقع دارالسلام کتب خانہ آپ کے علمی ذوق کی اعلیٰ مثال ہے۔ یہ کتب خانہ ہمارے تاریخی ورثے اور درخشاں روایات کی عکاسی کرتا ہے۔ آپ نے اس کتب خانے کو مروجہ علوم و فنون کی ترسیل کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب اور اخلاقی روایات کی آبیاری کا ذریعہ بھی بنایا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو علم و شرافت سے نوازا تھا۔

آپ ایک عظیم انسان تھے اور اعلیٰ پایہ کے منتظم بھی۔ آپ نے اپنے خونِ جگر سے اس ننھے منے علمی پودے کی آبیاری کی۔ لائبریری کے قیام سے قبل آپ میڈیکل اور انجینئرنگ کے غریب طلبہ کو اپنی جیب سے قرضِ حسنہ کے طور پر وطائف دیتے تھے۔نومبر 1969ء میں لائبریری میں توسیع کی گئی۔1971ء میں بالائی منزل تعمیر ہوئی۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر 1993-94ء میں ایک نئے ہال کا اضافہ کیا گیا۔ لائبریری اور مسجد دارالسلام کا انتظام چلانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل (PHA) کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ خوبصورت وپُرسکون ماحول، معیاری کتب، اوقات کار، بشمول اتوار صبح 8بجے تا 9بجے شب کھلے رہنا اس کتب خانے کی امتیازی خصوصیات ہیں۔

اس وقت لائبریری میں 48500 ہزار کتب موجود ہیں۔80سے زائد رسائل انگریزی اور مشرقی زبانوں میں مطالعہ کے لئے دستیاب ہیں۔ تقریباً تمام مقامی اخبارات، ہفت روزے اور پندرواڑے قارئین کے استفادہ کے لئے مہیا کئے جاتے ہیں۔ 22ہزار معیاری کتب پر مشتمل ڈیجٹیل لائبریری اس کتب خانے کی زینت ہے۔ لائبریری مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہے، اس میں 200افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ لائبریری میں انٹرنیٹ، پرنٹر، فوٹو کاپی کی سہولت موجود ہے۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعدادکے پیش نظر لائبریری کی توسیع کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کتب خانے کی مکمل آٹومیشن کے لئے پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن کے تعاون سے جدید کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے۔ لائبریری کی کتب اور دیگر علمی مواد کی کمپیوٹرائزیشن کا کام جاری ہے۔ قارئین کی عادات، مطالعہ اور علمی ذوق کی آبیاری کے لئے علمی و ادبی مجالس کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ اب ادارہ دارالسلام کے معاملات ان کے صاحبزادے سلیم شہریار سلامت خوش اسلوبی سے چلا رہے ہیں۔

مزید :

کالم -