گردشی قرضے توانائی بحران کے حل میں بڑی رکاوٹ ‘ حبیب الرحمان
لاہور( این این آئی) ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اورگردشی قرضے اس کے حل میں بڑی رکاوٹ ہیں جس کی وجہ سے چینی کمپنیاں پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری بند کر سکتی ہیں، مسئلہ کو حل کر نے کیلئے نگران حکومت کی جانب سے 50ارب روپے کے گردشی فنڈ کے اجرا ء کے لئے ادارہ قائم کر نے کا فیصلہ مثبت قدم ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو بیمار ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے ،اس وقت پاکستان خوشحالی کی عالمی درجہ بندی میں86ویں نمبر پر ہے جبکہ نسبتاً غریب ملک سمجھا جانے والا بنگلہ دیش کا نمبر66واں ہے۔ خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ 6کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ان حالات میں آنے والی حکومت کو ٹیکس اصلاحات کے علاوہ بھی بہت سے مثبت اقدامات اٹھانا ہوں گے، مگر انتخابات میں حصہ لینے والی پارٹیاں عوام کے سامنے بہتر طرز حکمرانی اور قابل عمل معاشی ایجنڈا پیش کرنے کے بجائے ایک دوسرے کی کردار کشی میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مناسب ہوگا کہ ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم بنانے کی تدابیر عوام کے سامنے پیش کی جائیں جو جماعت زیادہ بہتر پروگرام پیش کرے گی وہی عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشی جنگ کے لیے پیشگی تیاری کرنا ہو گی اور کشکول توڑنے کے لیے قوم کو سخت فیصلے کرنا ہو ں گے۔
