الیکشن بائیکاٹ کی خبر مضحکہ خیز ، عوامی عدالت میں اپنا کیس لے جائینگے : شہباز شریف

الیکشن بائیکاٹ کی خبر مضحکہ خیز ، عوامی عدالت میں اپنا کیس لے جائینگے : شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر ) صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کی خبر کو مسترد کرکے مضحکہ خیز قرار دے دیا اور کہا ہے عوامی عدالت میں اپنا کیس لے کر جائیں گے ۔ ٹوئٹر پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کی مضحکہ خیز خبر کو مسترد کرتا ہوں شہباز شریف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کی مضحکہ خیز خبر کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم اپنا کیس عوام کی عدالت میں لے کر جائیں گے۔ پاکستانی عوام اپنا فیصلہ 25 تاریخ کو ووٹ ڈال کر دے گی
جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی مقبول ترین سیاسی پارٹی مسلم لیگ (ن) انتخابات کا بائیکاٹ کسی صورت نہیں کرے گی‘ بائیکاٹ وہ کرتے ہیں جنہیں ہار کا خوف ہو، تحریک انصاف والے اپنے 100 دن کے منشور میں سے کارکردگی کا ایک صفحہ ہی دکھا دیں، ہمارا مقابلہ جھوٹ کی سیاست کرنے والوں سے ہے اور (ن) لیگ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن جیتے گی، 25 جولائی کوعوام فیصلہ کرے گی کہ انہوں نے حق کا ساتھ دینا ہے یا جھوٹ کا۔ مریم نواز کی کمپین ان کے حلقہ کا ہر ایک ووٹر کر رہا ہے۔ وہ اتوار کے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ خواجہ عمران نذر اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر کسی نے ترقی دیکھنی ہو تو وہ لاہور میں آ کر دیکھے کہ مسلم لیگ نے 5سالوں میں کتنی ترقی کی۔ مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو اور خدمت کو ووٹ دو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سمجھ رہے ہیں کہ وہ لوٹوں کے ذریعے ترقی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)5جولائی کو اپنا پارٹی منشور پیش کرے گی جو کارکردگی کی بنا پر ہو گا۔ جس میں پچھلے 5سال کی کارکردگی اور آئندہ 5سال کا لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پارٹی کے قائد کے نصیب میں صرف خدمت لکھی ہے جبکہ عمران خان کے نصیب میں جھوٹ ، انتشار، پھیلانا اور کنٹینر ہے۔ تحریک انصاف کی کمپین میں صرف شور ہے اور شور صرف چور ہی مچاتا ہے۔مسلم لیگ (ن) آئین اور قانون کی پاسداری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی طرح لاڈلے نہیں آپ پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کریں تو فوراًمعافی مل جاتی ہے کیونکہ آپ لاڈلے ہیں۔ پورے شہر میں ضابطہ اخلاق کی مخالفت کی جا رہی ہے اور آپ کو تمام جرم معاف ہیں مگرہمیں کوئی غم نہیں ہماری قیادت اس سے زیادہ کھٹن احتساب سے گذر چکی ہے۔ 25جولائی کوووٹر (ن) لیگ کو ووٹ دینے نکلے گا۔کیونکہ اب ووٹ صرف کارکردگی پر ملے گا۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -