الیکشن کمیشن ان ایکشن ، امیدواروں کو ہراساں کرنے کے واقعات پر چاروں وزرائے اعلٰی کو خط ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی

الیکشن کمیشن ان ایکشن ، امیدواروں کو ہراساں کرنے کے واقعات پر چاروں وزرائے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ) الیکشن کمیشن نے ملتان اور نارووال میں امیدواروں کو ہراساں اور مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔الیکشن کمیشن نے ملتان میں رانا اقبال سراج اور نارووال میں امیدوار پر مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں امیدواروں کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کی اطلاع پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھا ہے۔اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والی مختلف جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی سیکیورٹی پر تحفظات کا شکار ہے۔ الیکشن کمیشن نے نارووال اور ملتان میں ہونے والے واقعات کا نوٹس لے لیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے تحفظ کے لئے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو خطوط ارسال کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ نارووال اور ملتان میں پیش آنے والے واقعات افسوس ناک ہیں۔خیال رہے کہ خط کی کاپی دیگر 3 صوبوں کے وزراء4 اعلی اورچیف سیکریٹریز کو بھی ارسال کی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی انتخابی امیدواروں کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کی اطلاعات ہیں، صوبائی حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے، انتظامیہ اور پولیس صاف شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔یاد رہے کہ (ن) لیگی امیدوار رانا اقبال سراج کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ انتخابی دوڑ سے نکلنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا گیا اور انہیں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔اسلام آباد دریں اثناسیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اثاثے جمع نہ کروانے والوں کو کام کرنے سے روک دیا جائیگا ،انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواروں کو نا اہل کیا جا سکتا ہے سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار نااہل کئے جا سکتے ہیں۔ تین کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی پرنٹنگ پریس میں ہوگی ۔اتوار سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ کوشش ہوگی کے بیلٹ پیپرز پولنگ سٹیشنز میں مقرر ہ وقت پر پہنچ جائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ نصف بیلٹ پیپرز کی چھپائی کراچی میں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اثاثے جمع نہ کروانے والوں کو کام سے ر وک دیا جائے گا گوشوارے جمع نہ کرانے والے وفاقی اور صوبائی نگران وزراء کے نام پیر کو جاری کر دیں گے تاہم بہت سے وزراء کی جانب سے عوامی نوٹس کے اجراء کے بعد اثاثہ جات کی تفصیلات پر مشتمل گوشوارے جمع کرائے جا چکے ہیں۔ اس کی تفصیلات پیر کو موصول ہو جائیں گی۔ دریں اثناالیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کے لئے پولنگ اسٹیشنزکے اعدادوشمارجاری کر دیئے جس کے مطابق ملک بھرمیں 85ہزار 307 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے۔عام انتخابات 2018 کے لئے پولنگ اسٹیشنزکے اعدادوشمارکے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملک بھرمیں مردوں کیلئے 23ہزار 424 پولنگ اسٹیشنز جبکہ خواتین کیلئے 21ہزار 707پولنگ اسٹیشنزاور ملک بھرمیں 40 ہزار 133 مرداورخواتین کیلئے مشترکہ پولنگ اسٹیشنزقائم کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں 47ہزار 813،سندھ میں 17 ہزار 747 ،بلوچستان میں 4420،خیبرپختونخوامیں 12ہزار 634 جبکہ فاٹا،ایف آرمیں 1986پولنگ اسٹیشنزبنائے گئے ہیں۔اعلامیہ کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں 797 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن

مزید :

صفحہ اول -