خیبر پختونخوا سمیت پنجاب اور مرکز میں بھی حکومت بنائینگے ،محمود الرشید
لاہور(آئی این پی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اورپنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب اور مرکز میں بھی حکومت بنانے کا دعویٰ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محمودالرشید نے حلقہ پی پی160کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن، اچھرہ اور اسکے ملحقہ بازراوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں دورہ کیا۔اچھرہ بازار میں اپنے مرکزی دفتر میں تحریک انصاف کے کاکنان اور ووٹرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 100سے زائد نشستیں حاصل کرتے ہوئے ناصرف ایک بار پھر خیبر پختونخوا بلکہ پنجاب اور مرکز زمیں بھی حکومت بنائے گی۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ آنے والے وقت میں مسلم لیگ ن کا نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا کیونکہ عوام میں جعلی خادموں اور سادگی کا نعرہ لگا کر ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کے مکروہ چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
محمود الرشید
