الیکشن کمیشن؛اشتہارات اور پوسٹرز پر چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر لگانے پر پی ٹی آئی امیدوارسے تحریری جواب طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن نے چنیوٹ میں تحریک انصاف کے امیدوارناصر چیمہ سے اشتہارات اورپوسٹرز پر چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر لگانے پر تحریری جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چنیوٹ میں پی ٹی آئی امیدوارکے اشتہارات اورپوسٹرزپرچیف جسٹس اورآرمی چیف کی تصاویرلگانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بنچ نے ناصر چیمہ کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات نے کہا کہ کس بنیاد پر آپ نے چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر لگائیں،کیاوہ آپ کے رشتے دار ہیں؟آرمی چیف اورچیف جسٹس کاانتخابات سے کیاتعلق ہے؟۔
پی ٹی آئی امیدوار ناصر چیمہ نے کہا کہ یہ اشتہاراورپوسٹرزالیکشن شیڈول جاری ہونے سے پہلے لگائے گئے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اشتہاراورپوسٹرجب بھی لگائے گئے،آپ یہ بتائیں کہ کیوں لگائے گئے؟۔
الیکشن کمیشن نے امیدوار تحریک انصاف ناصر چیمہ سے تحریری جواب طلب کر لیااور کہا ہے کہ کیوں نہ آپ کوالیکشن لڑنے سے روکا جائے؟۔الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
