ایران کے ساحل کے قریب اچانک ایک ایسا بحری جہاز نمودار کہ پورے ملک میں کھلبلی مچ گئی کیونکہ۔۔۔
تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے ایران کے ساتھ ہونے والا جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد ایک بار پھر دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدگی کی انتہاءکو پہنچے ہوئے ہیں۔ ایسے میں گزشتہ روز ایران کے ساحل کے قریب ایک ایسا بحری جہاز نمودار ہو گیا کہ پورے ملک میں کھلبلی مچ گئی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل بوالفضل شیکرچی کا کہنا ہے کہ ”خلیج فارس میں آنے والا یہ بحری جہاز امریکہ کا ہے جس میں مختلف کیمیکلز لدے ہوئے ہیں۔ ہمارے پاس اس جہاز کی تمام معلومات موجود ہیں۔“
بوالفضل کا مزید کہنا تھا کہ ”کچھ عرصہ قبل امریکہ نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو جواز بناتے ہوئے جس سمندری مقام سے شام پر میزائلوں کی بارش کی تھی، یہ بحری جہاز بھی اسی مقام پر موجود ہے اور اس کا نام ’ایم وی کیپ رے‘ہے۔ امریکہ ایران کے خلاف خطرناک ہتھکنڈے آزما رہا ہے، جن کے بہت خوفناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ وہ اس خطے میں اپنی غیرقانونی موجودگی کو جواز دینے کے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ اس جہاز میں کون سے کیمیکل ہیں اور اس پر عملے کے کتنے لوگ سوار ہیں۔ امریکہ کو ایسے حربوں سے باز رہنا چاہیے۔“
