جن ملکوں نے منشیات پر قابو پایا وہ کامیاب ہوگئے، شہریار آفریدی

  جن ملکوں نے منشیات پر قابو پایا وہ کامیاب ہوگئے، شہریار آفریدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوئٹہ (آئی این پی) وزیر مملکت برائے انسداد و منشیات شہریارآفریدی نے کہا ہے کہ جن ملکوں نے منشیات پر قابو پایا وہ کامیاب ہوئے،پاکستان منشیات کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے لیکن دنیا سے پذیرائی نہیں ملی،پاکستان دنیا سے کوئی مالی امداد نہیں چاہتا، ہم انسانیت کی بقاء چاہتے ہیں۔پیر کو یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے انسداد و منشیات شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان منشیات کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، منشیات کا استعمال انسانیت کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے، دنیا کے تمام مذاہب، اقوام متحدہ کا چارٹر انسانی حقوق پر زور دیتے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے دنیا سمٹ کر ایک موبائل میں آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے منشیات پر قابو پایا وہ ترقی یافتہ بھی ہوئے اور کامیاب بھی ہوئے، پاکستان منشیات کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے لیکن دنیا سے پذیرائی نہیں ملی، پاکستان انسانیت کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان چالیس سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، افغان مہاجرین کو پناہ دینے کے حوالے سے پاکستان نے عظیم مثال قائم کی ہے جبکہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کے موثر اقدامات کو سراہا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پوست کی کاشت کو روکنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کرنا ہوں گے، اس حوالے سے افغان صدر کے دورہ پاکستان میں ان امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی مہاجرین کے حوالے سے خدمات تسلیم کرے، پاکستانی فورسز منشیات کی لعنت کا کامیابی سے مقابلہ کررہے ہیں، پورے ملک میں انسداد منشیات فورس کے صرف 29اسٹیشن ہیں، موجودہ کابینہ نے انسداد منشیات کے حوالے سے موثر اقدامات کئے، انسداد منشیات فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے جبکہ ملک میں منشیات پھیلانے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔
شہر یار آفریدی

مزید :

صفحہ آخر -