بدعنوانی کا خاتمہ، مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا نیب کی اولین ذمہ داری: جسٹس (ر) جاوید اقبال 

بدعنوانی کا خاتمہ، مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا نیب کی اولین ذمہ داری: جسٹس ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے نیب ادارے کی کارکردگی میں بہتری کیلئے اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی جدید خطوط پر تربیت کو اہمیت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹریننگ، آپریشن اور پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا نیب ملک کا انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جسے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی ذمہ داری دی گئی ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے پرعزم اور انتہائی تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ نیب انسانی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیب کے افسران اور پراسیکیوٹرز کی پیشہ ورانہ بہتری کو یقینی بنانے کیلئے 2019ء کیلئے جامع تربیتی پلان تشکیل دیا گیا ہے، یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ ٹرینرز بھی اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے اہل ہوں۔ تمام علاقائی بیوروز میں ٹریننگ سیلز قائم کئے گئے ہیں جو اپنے متعلقہ علاقائی بیوروز میں مجوزہ سرگرمیوں پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہیں، نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کے تحت ٹریننگ آف ٹرینرز بھی منعقد کیا گیا۔ نیب اپنی افرادی قوت کے معیار کو برقرار رکھنے اور اس میں بہتری کیلئے تربیت کو فوقیت دیتا ہے، تمام انویسٹی گیشن افسران کیلئے معیا ری سلیبس تشکیل دیا گیا ہے۔ اکاؤنٹس کے معاملات، جنرل فنانشل رولز، ایف آر، ایس آر، سوالیہ دستاویزات کی ڈیجیٹل فرانزک اور فنگر پرنٹس کے تجزیہ سے متعلق ریفریشر اور کیپسٹی بلڈنگ کورسز وضع کئے گئے ہیں تا کہ معیار اور یکسانیت کو یقینی بنایا جا سکے، اس سے نیب کے ایس او پیز، قوانین اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد میں مدد ملے گی جبکہ تربیتی پروگراموں اہداف پر عملدرآمد کا بھی مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کی تربیتی ضروریات کے تناظر میں بہتری لائی جائے گی، چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ کو ہدایت کی کہ وہ 2019ء کے تربیتی منصوبے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور مجرموں کو قانون کے مطابق قانون کے کٹہرے میں لانے پر پرعزم ہے۔ نیب نے جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹس کے تجزیے کی سہولت موجود ہے تاکہ انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز قانون کے مطابق مقررہ وقت میں فرانزک لیب کی جدید سہولیا ت سے استفادہ کرتے ہوئے مقدمات کی تحقیقات مکمل کریں۔ 
چیئرمین نیب

مزید :

صفحہ اول -