کاروباری برادری ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائے: لاہور چیمبر 

کاروباری برادری ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائے: لاہور چیمبر 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نیوز رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کاروباری برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کے لیے دئیے گئے اضافی وقت سے فائدہ اٹھائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور چیمبر اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کے وقت میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ بہت سے تاجر وقت کی کمی کے سبب اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ مزید برآں لاہور چیمبر کے مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے ملاقات میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایکسپورٹ سے وابستہ پانچ سیکٹرز کے لیے زیرو ریٹ کی سہولت بحال کرے اور خریداروں کے قومی شناختی کارڈ کی شرط کم از کم ایک سال کے لیے معطل کرے کیونکہ اس کی وجہ سے کاروبار سستی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانچ ایکسپورٹ سیکٹرز سے زیرو ریٹ کی سہولت واپس لے لی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف حکومت کو محاصل کی مد میں نقصان ہوگا بلکہ برآمدات بھی بری طرح متاثر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان مشکل حالات میں کاروبار کررہے ہیں، اس کے باوجود وہ قیمتی زرمبادلہ ملک میں لانے کے لیے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں مگر زیرریٹ سہولت کی واپسی نے ان کے لیے سنگین مشکلات پیدا کردی ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے زیرو ریٹ کی سہولت فوری طور پر بحال کرے گی۔ 

مزید :

کامرس -