صنعتکاروں کے مسائل حل کئے بغیر معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا، اسلم اقبال

صنعتکاروں کے مسائل حل کئے بغیر معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا، اسلم اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت تجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین طارق اللہ صوفی کی قیادت میں ملاقات کی جس میں کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا- ملاقات کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کوشش کی جائے گی کہ مشکل معاشی صورتحال کے پیش نظرمشکل فیصلوں کے اثرات عام آدمی پر کم سے کم پڑیں -وفدنے گھی انڈسٹری کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ گھی کی صنعت کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے- صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کاروں کو درپیش مسائل حل کئے بغیر صنعت کا پہیہ نہیں چل سکتا-اس لئے حکومت صنعت کاروں کی جائزشکایات کے ازالے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی- انہوں نے کہا کہ گھی کی صنعت سے وابستہ صنعتکاروں نے عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور امید ہے کہ یہ آئندہ بھی اپنا تعاون جاری رکھیں گے-انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کی سہولت کے لئے تمام ٹیکسوں کو یکجا کرنے کے لئے تیزرفتاری سے کام کیا جارہا ہے اور انسپکٹر لیس رجیم پر بھی برق رفتاری سے کام ہورہا ہے-کاروبار میں آسانیاں پیداکرنے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں جن کے مثبت ثمرات سامنے آئیں گے-سیکرٹری صنعت طاہر خورشید،ڈی جی صنعت اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجودتھے-وفد میں خواجہ عارف، قاسم علی،عامرخلیل، فیاض ظفر، وحید چوہدری، عمر اسلام خان اور دیگر صنعتکار شامل تھے-

مزید :

کامرس -