سعودی عرب کے بڑے ایئر پورٹ پر باغیوں نے حملہ کردیا

سعودی عرب کے بڑے ایئر پورٹ پر باغیوں نے حملہ کردیا
سعودی عرب کے بڑے ایئر پورٹ پر باغیوں نے حملہ کردیا

  


ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب کے ابھا ایئر پورٹ کو ایک بار پھر حوثی باغیوں نے ڈرون کے ذریعے حملے کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون حملہ منگل کو علی الصبح کیا گیا۔سعودی فوجی اتحاد نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کے حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 8 سعودی اور ایک بھارتی شہری شامل ہے۔ تمام زخمی خطرے کی حالت سے باہر ہیں اور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہیں۔دوسری جانب حوثی باغیوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابھا ایئر پورٹ پر ڈرون حملے سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ سعودی عرب کا فضائی دفاعی نظام انتہائی غیر موثر ہے۔ حملے میں ابھا ایئر پورٹ پر فوجی ہینگر کو نشانہ بنایا گیا ، اسی حملے کے باعث دمام سے ابھا آنے والی فلائٹ کا رخ موڑ کر اسے جدہ ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز بھی حوثی باغیوں نے ابھا ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں بعض افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا۔

مزید : عرب دنیا