امریکی فوجیوں کیخلاف طالبان کو روسی ادائیگی کا معاملہ بدستور غیر واضع ہے:مائک پومپیو

  امریکی فوجیوں کیخلاف طالبان کو روسی ادائیگی کا معاملہ بدستور غیر واضع ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) کچھ عرصہ قبل یہ اطلاع یا افواہ منظر عام پر آئی تھی کہ روس نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کیلئے انہیں انعام کے طور پر رقم ادا کی تھی۔ اگرچہ واشنگٹن کی انٹیلی جنس کمیونٹی میں اس پر تبصرے جاری ہیں لیکن یہ معاملہ بدستور غیر واضح ہے۔ یہ کمیونٹی سمجھتی ہے کہ دال میں کچھ نہ کچھ کالا ضرور ہے ورنہ اس طرح کی خبر بلاسبب نشر نہیں ہوسکتی۔ اب نیویارک ٹائمز نے ایک تازہ اشاعت میں امریکی حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے کہ انہوں نے ایسے الیکٹرانک ڈیٹا کا کھوج لگایا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روسی انٹیلی جنس کے ایک بینک اکاؤنٹ سے طالبان سے منسلک ایک بینک اکاؤنٹ میں کثیر رقم منتقل ہوئی ہے۔ اس ٹرانسفر سے یہ دعوی ثابت ہوتا نہیں آتا ہے کہ طالبان کو یہ رقم امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بدلے میں انعام کے طور پر دی گئی تھی۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس اطلاع کا ذریعہ تین سرکاری اہلکار ہیں جو اس معلومات کے حصول سے متعلق ہیں۔ صدر ٹرمپ ہمیشہ امریکی میڈیا کی خبروں کو جعلی قرار دیتے رہتے ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر طالبان کو روس کی طرف سے انعام دینے کی خبر کو ایسا ہی قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک تازہ پیغام میں خیال ظاہر کیا ہے کہ ان الزامات کا مقصد انہیں اور ری پبلکن پارٹی کو نقصان پہنچانا ہے۔ قبل ازیں صدرٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ انہیں اس معاملے پر انٹیلی جنس کی طرف سے کوئی بریفنگ نہیں دی گئی لیکن انٹیلی جنس کمیونٹی کے خودمختار ارکان کا کہنا ہے کہ صدر کو ربانی بریفنگ کے علاوہ دستاویزات کے کاغذات بھی فراہم کئے جاتے ہیں اور صدر نے صرف بریفنگ نہ دینے کا ذکر کرکے معاملے کو سوفیصد کلیئر نہیں کیا۔ اس دوران وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اس کے بارے میں جوب بیان دیا ہے وہ بھی خاصہ گول مول اور انہوں نے ڈپلومیسی سے کام لیتے ہوئے شاید اصل حقائق آشکار کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ انہوں نے اخباری نمائندں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ نے انٹیلی جنس کی اس مبینہ اطلاع کو ”درست ہینڈل“ کیا ہے جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ روس نے امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کیلئے طالبان کو انعام دیا تھا۔ تاہم انہوں نے نہ ہی انٹیلی جنس اطلاع کی تصدیق کی اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کو اس کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ روس گزشتہ دس برس سے افغانستان میں جو کارروائیاں کر رہا ہے وہ امریکی مفادات کے خلاف ہیں۔]
مائیک پومپیو

مزید :

صفحہ اول -