بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے جدید منصوبہ پاکپاس ایپ متعارف

  بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے جدید منصوبہ پاکپاس ایپ متعارف

  

اسلام آباد (آئی این پی) حکومت نے بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے ایک جدید منصوبہ پاکپاس ایپ متعارف کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان آنیوالے مسافروں کے ٹیسٹ، ان کی نقل و حرکت اور ہوم قرنطینہ سے متعلق معلومات اکھٹی کرنے کا جدید منصوبہ بنا لیا۔ اس سلسلے میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے پاکپاس موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے، تمام مسافروں کو پاکپاس موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، پاکپاس ایپ کے لازمی استعمال کے حوالے سے ایئر پورٹس انتظامیہ اور ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کر دی گئیں، جب کہ سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موبائل ایپ متعارف کرانے کا مقصد پاکستان پہنچنے والے مسافروں کا 14 دن تک قرنطینہ موجودگی کو لازمی بنانا ہے، ایپ کے ذریعے ان کی ٹریکنگ ہوگی۔ ایپ سے کرونا ٹیسٹنگ اور ہوم آئسولیشن کے بارے میں معلومات اکٹھا کی جا سکیں گی، سی اے اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹکٹ بک کرواتے وقت ایئرلائن انتظامیہ مسافروں کو بذریعہ ای میل موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کرے اور چیک اِن، بورڈنگ ڈیسک پر مسافروں کے موبائل میں ایپ کی موجودگی یقینی بنائے۔

ایپ متعارف

مزید :

صفحہ آخر -