سپیکر قومی اسمبلی متنازعہ ہو گئے،وقت آنے پر تحریک عدم اعتماد لائیں گے:پیپلز پارٹی

  سپیکر قومی اسمبلی متنازعہ ہو گئے،وقت آنے پر تحریک عدم اعتماد لائیں ...

  

اسلام آباد (این این آئی) پیپلزپارٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی متنازعہ ہوگئے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف وقت آنے پر تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے،اگر پائلٹس کی ڈگریوں میں مسائل ہیں تو پھر لائسنس کون دیتا ہے اور ڈگریاں کون دیتا ہے؟ غیر ذمہ دار قیادت کی حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کو نقصان ہورہا ہے، وزیر ہوا بازی اگر اپنی عزت بچانا چاہتے ہیں تو خود استعفیٰ دیں،عمران خان قومی اسمبلی کے فلور پر اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیتے ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے تحت جو دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں وہ غدار ہیں،علی زیدی کی تقریر سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ منافق کون ہے، کابینہ میں اشرافیہ اور مافیاز بیٹھے ہوئے ہیں گالیاں دینے سے بات نہیں بنے گی،ہر مافیا کے سرغنہ عمران خان ہیں، موجودہ حکومت مافیا کے سہارے چل رہی ہے، حکومتی وزراء کو ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،جس دن عمران نیازی عہدے سے چلے گئے تو 24 گھنٹوں کے اندر حکومتی وزراء اپنی سی ویز دوسری جماعتوں کے پاس لے کر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کی رہنماؤں ڈاکٹر نفیسہ شاہ، پلوشہ خان، سینیٹر روبینہ خالد، ناز بلوچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ 24 جون کو ہوا بازی کے وزیر نے اسمبلی میں کہا 262 پائلٹ کے لائسنس جعلی ہیں، ہم نے کہا کہ یہ خبر جھوٹی ہے۔6 دن کے اندر پاکستان کے جتنے بھی پائلٹس ہیں ان کو نوکریوں سے برطرف کیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے 3 ماہ پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔غیر ذمہ دار قیادت کی حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کو نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتے تھے جب حادثے ہوں تو وزیر ذمہ دار ہے، لگتا ہے کہ حکومت پی آئی اے کو گراؤنڈ کر دیگی۔ موجودہ حکومت ملک کے اثاثوں کو بیچ رہی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ جو نقصان ایک وزیر کے کہنے پر ہوا ہے اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔پلوشہ خان نے کہاکہ ہر مافیا کے سرغنہ عمران خان ہیں، موجودہ حکومت مافیا کے سہارے چل رہی ہے،،اگر مافیہ ہی ملک کو چلا رہا ہے تو پھر ویر اعظم ہاؤس کو تالا لگائیں۔ عمران خان نے سب سے پہلے معیشت پر حملہ کیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہاکہ عمران خان کے ہوش حواس اپنی جگہ پر نہیں، منافقت اعظم کی کہانی جلد اختتام پذیر ہوگی۔ملک کی حالت کا ذمہ دار کون ہے؟ اگر مزید عرصہ عمران خان نے حکومت کی تو ملک کو مزید نقصان ہوگا،جنہوں نے دھرنوں میں پی ٹی آئی کی مدد کی ان کو سود سمیت پیسہ واپس کرنا ہوگا،مناظرے کا چیلنج بہت سارے لوگ دیتے ہیں اگر بہادر ہیں تو سامنے آئیں۔ناز بلوچ نے کہاکہ پہلا دفعہ ایسا ہوا وزیراعظم خود مائنس کرنے کا کہ رہے ہیں،پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کی رپورٹ صفر بٹا صفر ہے۔

پیپلزپارٹی

مزید :

صفحہ آخر -