پشاور،چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت پر جواب طلب

پشاور،چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت پر جواب طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے چڑیا گھر پشاور میں جانوروں کی ہلاکت کے خلاف اورموجودہ جانوروں کے تحفظ کے لئے دائر رٹ پر سیکرٹری وائلڈ لائف، چیف کنزرویٹر اور ڈائریکٹر چڑیا گھر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید اور جسٹس محمد نعیم انور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی درخواست گزار علی گوردورانی ایڈوکیٹ اور ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سکندر رضا عدالت میں پیش ہوئے درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پشاور چڑیا گھر میں آئے روز جانور ہلاک ہورہے ہیں اس کا سد باب ہوناچاہیے جانوروں کی ہلاکت کی باقاعدہ انکوائری ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے انہوں نے موقف اختیار کیاکہ چڑیا گھر میں جانوروں کی حفاظت کیلئے عالمی معیار کے مطابق اقدامات اورمناسب ماحول کی فراہمی یقینی بنانا چاہیئے چڑیا گھر میں موجود جو جانور ماحول کے ساتھ ایڈجسٹ نہیں ہوتے ان کو واپس قدرتی ماحول میں بھیجا جائے جانوروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے شجرکاری اور دیگر اقدامات اٹھائے جائیں درخواست میں چڑیا گھر کیلئے لیبارٹری قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ ان جانوروں میں مرض کی بروقت تشخیص کی جاسکے جبکہ تمام جانوروں کی زندگی کے تحفظ کیلئے ریسکیواینڈ ٹریٹمنٹ سنٹر بھی قائم کرنے کی استدعا کی گئی ہے تاکہ جانوروں کی ویکسی نیشن ہوسکے رٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک متعلقہ چڑیا گھر میں کئی نایاب جانورہلاک ہونے کی رپورٹس ہیں جس کی روک تھام ضروری ہے فاضل بینچ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ہائیکورٹ نے سیکرٹری وائلڈ لائف، چیف کنزرویٹر اور ڈائریکٹر چڑیا گھر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔