پاکستانی ٹیم کے انگلینڈ پہنچتے ہی کاﺅنٹی کرکٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کا انکشاف منظرعام پر آ گیا

پاکستانی ٹیم کے انگلینڈ پہنچتے ہی کاﺅنٹی کرکٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کا ...
پاکستانی ٹیم کے انگلینڈ پہنچتے ہی کاﺅنٹی کرکٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کا انکشاف منظرعام پر آ گیا

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاک ڈاﺅن سے قبل ہی کاﺅنٹی کرکٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ 17 کھلاڑی و سٹاف ممبرز میں وباءکی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

18انگلش فرسٹ کلاس کاﺅنٹی کلبز یکم اگست سے کھیل کی سرگرمیاں پھر سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں، بورڈ کی جانب سے جمع کئے جانے والے ڈیٹا سے انکشاف ہواکہ 23 مارچ کو لاک ڈاﺅن سے قبل ہی مختلف کاﺅنٹیز کے 13 پلیئرز اور 4 کوچنگ سٹاف ممبرز میں وائرس کی علامات ظاہر ہوچکی تھیں، وہ کرکٹ کمیونٹی سے باہر اس وائرس کا شکار ہوئے تھے، پری سیزن ٹریننگ میں ان سے وائرس کی منتقلی کے شواہد بھی نہیں ملے۔

دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے سخت ترین پروٹوکول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، بدھ سے مڈل سیکس، سمرسٹ اور نوٹنگھم شائر کی ٹیمیں بھی ٹریننگ کا آغاز کرچکی ہیں، اس حوالے سے وہ انٹرنیشنل سیریز کے پریکٹس پروٹوکول کی پیروی کررہی ہیں، البتہ ان کا باقاعدگی سے ٹیسٹ نہیں لیا جا رہا بلکہ ٹارگٹ ٹیسٹنگ ہوگی، صرف ان پلیئرزکو جانچا جائے گا جن کے علاقوں میں وائرس موجود، کسی اہل خانہ میں علامات ہوں گی یا پھر خود پلیئر یا سٹاف کی طبیعت ناساز دکھائی دے گی۔

آن دی سپاٹ ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہوگی مگر تمام کاﺅنٹیز پر واضح کردیا گیاکہ اس پر اضافی ایک ملین پاﺅنڈ خرچ ہوں گے، ہر کاﺅنٹی کا اپنا کوویڈ19 آفیسر وائرس کوڈ پر عملدرآمد کرائے گا، اسی طرح 24 گھنٹے میڈیکل ماہرین آن کال دستیاب ہوں گے، مہمان ٹیم کو میزبان وینیو کی کوویڈ پالیسی کے حوالے سے میچ سے 4 روز قبل ہی مطلع کیا جائے گا۔

آئندہ پیر کو کاﺅنٹی کلبز کے سربراہوں کی میٹنگ میں ہوٹل کے حوالے سے پالیسی پر بات چیت ہو گی، یہ بات طے ہے کہ زیادہ تر پلیئرز اپنی گاڑیوں پر سفر کریں گے، البتہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے مناسب ہوادار کوچز بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔

مزید :

کھیل -