عمران فاروق قتل کیس ،مجرم معظم علی کاعمر قید کی سزا کےخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)عمران فاروق قتل کیس میں مجرم معظم علی نے عمر قید کی سزا کےخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ۔
میڈیا رپورٹس کے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں مجرم معظم علی نے عمر قید کی سزا کالعدم قرار دینے کےلئے اسلام آبادہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی،اڈیالہ جیل میں قید مجرم معظم علی نے وکیل کے ذریعے اپیل دائر کی،درخواست میں عدالت سے انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعاکی گئی ہے۔
یاد رہے کہ انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد نے ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزموں خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کوعمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ مفرور 4ملزمان بانی متحدہ،محمدانور،افتخارحسین اورکاشف کامران کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہاگیا ہے کہ ایف آئی اے اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے،عدالت نے تینوں ملزمان کو 10،10 لاکھ روپے معاوضہ مقتول کی اہلیہ اداکرنے کاحکم دیدیا۔خیال رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق پر16 ستمبر 2010 کو لندن میں ان کی رہائش گاہ کے قریب چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ پانچ دسمبر 2015 کو ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور دو مئی دو ہزار اٹھارہ کو فرد جرم عائد کی گئی۔ ملزمان نے سات جنوری دوہزار سولہ کو مجسٹریٹ کے روبرو اقبال جرم کیا اور ایف آئی اے نے پانچ بار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔کیس میں استغاثہ کے 29 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے تھے۔عدالت نے کیس کی سماعت مکمل کر کے 21 مئی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔