پی ایس ایل 5 ادھوری رہ گئی تو رقم کا معاملہ بھی ادھورا رہ گیا، پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان اس وقت کیا چل رہا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

پی ایس ایل 5 ادھوری رہ گئی تو رقم کا معاملہ بھی ادھورا رہ گیا، پی سی بی اور ...
پی ایس ایل 5 ادھوری رہ گئی تو رقم کا معاملہ بھی ادھورا رہ گیا، پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان اس وقت کیا چل رہا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں ایڈیشن کورونا وائرس کے باعث ادھورا رہ گیا مگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بعض فرنچائزز سے اب بھی واجبات کا اظہار ہے اور اس حوالے سے گورننگ کونسل میٹنگ میں بھی بات چیت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5 کو کورونا وائرس کی وجہ سے 30 میچز کے بعد ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا اور بورڈ رواں برس کے اواخر میں بقیہ 4 میچز کرانا چاہتا ہے مگر ابھی کوئی بات حتمی نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق تاحال بعض فرنچائزز نے اپنے مکمل واجبات ادا نہیں کئے اور اس حوالے سے جمعرات کو ویڈیو لنک پر گورننگ کونسل کے اجلاس میں بات ہو گی، ٹیم مالکان نے ہمیشہ کمرشل ماڈل پر اعتراض کیا، اس لئے یہ معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

بورڈ نے فیس کیلئے ڈالر کا ریٹ مقررکرنے کی خاطر ایک آڈٹ، ٹیکس و ایڈوائزری خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کی خدمات لی تھیں، اس نے کم و زیادہ فیس اور سینٹرل پول سے یکساں منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ٹیم کے الگ ریٹ تجویز کئے مگر بورڈ نے اسے مسترد کر دیا، فرنچائز اس بات سے خوش نہیں اس پر بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

گزشتہ اجلاس میں جن امور پر اتفاق ہوا تھا اس پر کس حد تک عملدرآمد ہوا، یہ بات بھی زیرغور آئے گی جبکہ ٹیکس کے معاملات پر بھی بات چیت ہو گی، اجلاس میں کرکٹ بورڈ کی جانب سے فرنچائزز کو پی ایس ایل کا الگ ڈیپارٹمنٹ بنانے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نمائندگی نہ ہونے پر مالکان اس فیصلے سے زیادہ خوش نہیں ہیں، وہ ایک الگ کمپنی بنانے کے حق میں تھے۔ شرکاءکو پانچویں ایڈیشن کے سینٹرل انکم پول پر بھی اپ ڈیٹ کیا جائے گا، بقیہ چار میچز کے حوالے سے تبادلہ خیال ہونا ہے، ٹیموں کو مالکانہ حقوق طویل عرصے تک کیلئے دینے کے مطالبے پر بھی غور کیا جائے گا۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -