ساس کو گھر میں ساتھ رکھنے پر جھگڑا، شوہر نے بیوی کی جان لے کر اپنی زندگی بھی ختم کرلی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک شخص نے بیوی کو پھندہ دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور پھر خود بھی پھندے سے جھول کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، مگر آدمی کے اس انتہائی اقدام کی وجہ ایسی تھی کہ ہر سننے والا دنگ رہ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق 32سالہ کیریل نیمسیو اور اس کی 33سالہ اہلیہ لینا برطانوی شہر برٹن اپون ٹرینٹ کے رہائشی تھے۔ لینا کی ماں چند روز بعد ان کے گھر رہنے کے لیے آ رہی تھی۔
کیریل چاہتا تھا کہ اس کی ساس مستقل طور پر ان کے گھر میں آ کر قیام پذیر نہ ہو مگر لینا بضد تھی کہ وہ اپنی ماں کو اپنے ساتھ رکھے گی۔ اسی بات پر گزشتہ رات دونوں میں شدید جھگڑا ہوا جس پر کیریل نے پہلے لینا کو پھندہ دیا اور پھر خود پھندے سے جھول گیا۔ دونوں کا 2سالہ بیٹا بھی تھا جو اس واردات کے وقت سورہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیریل کے جسم پر چھری کے دو نشانات تھے اور یہ چھری لینا کی لاش کے پاس پڑی تھی۔ لینا کے جسم پر ایسے کوئی نشانات نہیں تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلے لینا نے چھری سے کیریل پر حملہ کیا اوراس نے لینا کو قابو کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔