PUBG کو بین کرنے کے بعد پاکستانی انٹرنیٹ پر طوفان آگیا، دیکھ کر آپ کی بھی ہنسی نہ رُکے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف گیم پب جی(PUBG)نے جس طرح نوجوان نسل کو اپنے شکنجے میں لیا تھا، کئی حلقوں کی طرف سے طویل عرصے سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ پاکستان میں اس گیم پر پابندی لگائی جائے۔ اب بالآخر پی ٹی اے نے یہ مطالبہ منظور کرتے ہوئے گیم پر پابندی لگا دی ہے اور اس پابندی کے بعد گیم کے شوقین حضرات سوشل میڈیا پر کچھ ایسی پوسٹس کر رہے ہیں کہ ہر صارف ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو گیا۔ ویب سائٹ مینگوباز کے مطابق عثمان خان نامی صارف نے ٹوئٹر پر ایک بی اماں کی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ ہاتھ سے ’لعنت‘ بھیجنے کا اشارہ کر رہی ہوتی ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ عثمان خان نے لکھا ہے کہ ”پب جی پلیئر کی طرف سے پی ٹی اے کے لیے۔“
حنظلہ نامی صارف نے کسی پارک میں اداس بیٹھے ایک شخص کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”یقین کریں، پب جی پر پابندی لگنے کی تکلیف گرل فرینڈ سے بریک اپ کے بعد ہونے والی تکلیف سے زیادہ شدید ہے۔“عاقب رضا نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ”اگر پب جی پر اس لیے پابندی لگائی گئی ہے کہ اس گیم کی لت کی وجہ سے خودکشیوں کے واقعات ہو رہے ہیں تو پھر ہر سال سینکڑوں طالب علم امتحانات کے باعث ذہنی دباﺅ کا شکار ہو کر خودکشی کرتے ہیں، چنانچہ تعلیمی اداروں پر بھی پابندی لگائی جائے۔“ محمد عرفان نامی شخص نے دو میمز ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہیں جس میں ایک شخص دھاڑیں مار کر رو رہا ہوتا ہے اور کئی لوگ کھلکھلا کر ہنس رہے ہوتے ہیں۔ مسٹر عرفان اس میم کے ساتھ لکھتے ہیں کہ ”یہ ایک آدمی پب جی کا کھلاڑی ہے اور باقی ہنسنے والے اس کے خاندان کے لوگ اور دوست ہیں۔“