حکومت نے  عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے، سراج الحق

حکومت نے  عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے، سراج الحق
حکومت نے  عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے، سراج الحق

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت مہنگائی بانٹنے میں مصروف ہے جس نے  عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین ٹاؤن لاہور میں ترازو کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاویدقصوری، امیر لاہور ذکراللہ مجاہداور ضمنی انتخاب کے حلقہ پی پی 167کے امیدوار خالد احمد بٹ بھی موجود تھے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر جب کہ  مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام زمین پر گر پڑے۔ قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکمران اشرافیہ اب خود تھوڑی بہت قربانی دے اور اپنی مراعات کم کرے۔ ملک سے نوٹوں، لوٹوں اور بوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جس مہنگائی کا آغاز ہوا موجودہ  اتحادی حکومت نے اسے عروج پر پہنچا دیا۔ ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں۔ پاکستان کا معاشی نظام اب اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ساتھ مزید جنگ کر کے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ اللہ تعالیٰ سے گزشتہ گناہوں کی توبہ کر کے سودی معیشت کی بجائے اسلامی معاشی نظام کی طرف آنا ہو گا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں پروگریسو، جمہوری، ترقی پسند اور اسلامی جماعت ہے۔ عوام ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے ضمنی اور آئندہ انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں۔ ملک میں اب جماعت اسلامی ہی بہترین آپشن ہے۔ 

مزید :

قومی -