قومی ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان 

قومی ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر):پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 23-2022 کیلئے ویمنز سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق اعلان کردہ کنٹریکٹ میں مجموعی طور پر 20 خواتین کرکٹرزکو شامل کیا گیا ہے،کنٹریکٹ میں 8 کھلاڑیوں کو ترقی جبکہ3 ،  طوبہ حسن، گل فیروزہ اور صدف شمس کو پہلی مرتبہ سنٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے،سیزن22-2021 میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سدرہ امین، غلام فاطمہ اور ارم جاوید کو دوبارہ سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویمن پلیئر آف دی مینتھ کا ایوارڈ جیتنے والی 21 سالہ طوبہ حسن کو سنٹرل کنٹریکٹ کی ڈی کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔طوبہ حسن کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ سنٹرل کنٹریکٹ ملنے پر بہت خوش ہیں، بالآخر انہیں اپنی سخت محنت کا صلہ ملنا شروع ہوگیا ہے، ان کی تمام تر توجہ میدان میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے پر مرکوز ہے، وہ اب  اپنی محنت دوگنی کردیں گی۔طوبہ حسن نے کہاکہ وہ اس سفر میں بھرپور ساتھ دینے پر اپنی تمام سینئر کھلاڑیوں، دوستوں، اہل خانہ اور اسپورٹ اسٹاف کی مشکور ہیں، ان کا واحد مقصد پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے،انہیں یقین ہے کہ وہ خود سے جڑی تمام توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی،سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پانے والی کھلاڑیوں میں ندا ڈار اور عالیہ ریاض کو کپتان بسمہ معروف کے ہمراہ اے کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح انعم امین، فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل کو بی کیٹیگری میں  شامل کر لیا گیا ہے جبکہ منیبہ علی اور عائشہ نسیم کو کیٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
،سیزن 22-2021 میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر جویریہ خان  کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ 8 کھلاڑیوں کا ترقی اور 3 کا پہلی مرتبہ سنٹرل کنٹریکٹ پانا درحقیقت پاکستان خواتین کرکٹ کے درست سمت میں آگے بڑھنے کی  نشاندہی کرتا ہے تاہم انہیں اب بھی بہت محنت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ سیزن 23-2022 میں جتنی زیادہ کرکٹ کھیلنے کو مل رہی ہے، وہ پرامید ہیں کہ اس سیزن کے اختتام پر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ایک مزید بہتر سائیڈ بن کر سامنے آئے گی۔انہوں نے کہاکہ سنٹرل کنٹریکٹ نہ صرف کھلاڑیوں کی گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا صلہ ہوتا ہے بلکہ یہ انہیں آئندہ سیزن میں بھی مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔اسماویہ اقبال نے کہا کہ وہ گزشتہ سیزن میں بھرپور عزم اور لگن کا مظاہرہ کرنے پر تمام کھلاڑیوں کی مشکور ہیں، وہ  امید کرتی ہیں کہ یہ تمام کرکٹرز آئندہ سیزن کے دوران  کامن ویلتھ گیمز، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کریں گی۔ویمنز سنٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022کیٹیگری اے میں  بسمہ معروف، ندا ڈار اور عالیہ ریاض،کیٹیگری بی میں انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، نشرہ  سندھو اور عمیمہ سہیل، کیٹیگری سی میں  عائشہ نسیم، منیبہ علی، جویریہ خان، سدرہ امین اور سدرہ نواز،کٹیگری ڈی میں  غلام فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال، صدف شمس اور طوبہ حسن شامل ہیں۔