تھیٹرز کو رات 10بجے شو شروع کرنے کا پابند بنا دیا گیا

تھیٹرز کو رات 10بجے شو شروع کرنے کا پابند بنا دیا گیا

  

لاہور(فلم رپورٹر)لاہور کے تھیٹرز کے اوقات کار کا مسئلہ حل ہوگیا ہے اب تمام تھیٹرز رات دس بجے شو شروع کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے کو بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا تھیٹر بھی سیل کردیا جائے گا واضح رہے کہ دو روز قبل حکومت کی جانب سے ایک حکم نامے کے ذریعے لاہور میں واقع چھ تھیٹرز کو بند کردیا گیا تھا کیونکہ یہ تمام تھیٹرز وقت کی پابندی نہیں کررہے تھے۔اس حوالے سے سٹیج سے وابستہ سرکردہ افراد خاص طور پر تھیٹر پروڈیوسرز آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیصر ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہم حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں لیکن اوقات کار کی تبدیلی سے تھیٹر کے کاروبار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے اگر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہے تو ہم جنریٹر استعمال کرنے کو تیار ہیں میری درخواست ہے کہ رات 11بجے کے وقت کو بحال کیا جائے۔ دوسری جانب کنٹونمنٹ بورڈ میں واقع شالیمار تھیٹر کو ضلعی انتظامیہ نے مقررہ شیڈول کی خلاف ورزی اور غیر اخلاقی گانے چلانے پرسیل کر کے پروڈیوسرملک طارق کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے بھٹہ چوک میں شالیمار تھیٹر میں رات بارہ بجے کے بعد شالیمار تھیٹر پرچھاپہ مارا۔

جہاں پر ڈرامہ جاری تھا اور غیراخلاقی گانے پر پرفارمر فحش رقص کرنے میں مصروف تھی۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تھیٹر کو فوری سیل کر کے پروڈیوسر ملک طارق کے خلاف مقدمہ درج کر ا دیاگیا۔

مزید :

کلچر -