عوام اپنے حقوق کے لئے متحد ہوجائیں‘ محب اللہ خان 

عوام اپنے حقوق کے لئے متحد ہوجائیں‘ محب اللہ خان 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک اور ماہی پروری محب اللہ خان نے کہا ہے کہ پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں ہونے والا پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ نہ صرف ملک کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنائے گا بلکہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے اور قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والے نام نہادسیاسی لیڈروں سے چھٹکارا دلانے میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔ پریڈ گراونڈ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے سوات میں  ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محب اللہ خان نے کہا کہ غیر قانونی طریقہ سے اقتدار پر قابض ہونے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور اس کے لیے سوات کے عوام قافلوں اور جلوسوں کی شکل میں جوق در جوق اسلام آباد روانہ ہونگے۔انہوں نے کہاکہ عوام چوروں اور لٹیروں کی کار کردگی اور ان کے دوغلے پن سے واقف ہیں اوران کی پیدا کردہ موجودہ مہنگائی اور افراتفری کی صورت حال سے ہر شہری پریشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کے لیے مہنگائی کا رونا رونے والوں سے عوام پوچھ رہے ہیں کہ اقتدار پر مسلط ہونے کے بعد انہوں نے کون سا کار نامہ سر انجام دیا ہے جن کے بارے وہ بڑے بڑے دعوے کیا کرتے تھے اب تو غریب لوگ تنگ دستی اور غربت کے ہاتھوں مرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس ظلم کو کب تک برداشت کریگی۔صوبائی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اپنے حقوق کے لئے متحد ہوجائیں اور عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف کے دیگر قائدین کی جدوجہد کو جلسے میں شریک ہو کر کامیاب بنائیں۔ مشاورتی اجلاس میں تحریک انصاف سوات کے عہدیداران اور ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -