اشرافیہ کی لڑائی سے ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے ' فائق شاہ
پشاور(سٹی رپورٹر)چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ مارچ سے ملک میں عدم استحکام اور قانونی و آئینی بحران ہے، انصاف خاموش تماشائی بنے گا تو معاشرہ بکھر جائے گا، اشرافیہ قانون و انصاف کا مذاق اڑاتی ہے، اخلاقی اقدار اقتدار کیلئے ہوا میں اڑا دی جاتی ہیں، مارچ سے ملک میں عدم استحکام، قانون و آئین کا بحران ہے، کوئی سوچنے اور سمجھنے والا نہیں غریب کا روز استحصال ہوتا ہے، اس کا درد سننے والا کوئی نہیں، فلاحی مملکت تو دور کی بات سیاسی اور سماجی اخلاقیات کا بھی جنازہ نکل گیا،محمد فائق شاہ نے کہا کہ جانے اور آنیوالے، سب کی نظر تخت پر ہے، عوام بے شک سائل بن کر در در کی ٹھوکریں کھاتے رہیں، اشرافیہ کے من پسند فیصلے لمحوں میں ہوتے ہیں مگر جہاں عوامی کی بات ہو انصاف غائب اور منصف چپ ہو جاتا ہے، اجتماعی توبہ اور قومی اصلاح کی ضرورت ہے، دیر ہوئی تو اندھیر ہوگی، محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی انصاف کے حصول کیلئے ہر فورم پر لڑ رہی ہے، آئیں مل کر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں، نوجوان آگے بڑھیں یہ وقت شعوری اور سیاسی تحریک کا ہے انصاف ہمارا اولین مقصد ہے انصاف اور اختیار عوام کیلئے ہوگا تو ملک میں استحکام آئے گا، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لوٹوں پر بننے والی حکومت کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں، ہم کوئی بھی اس طرح اقتدار میں آنے گا اس کا محاسبہ کریں گے، شخصیات نہیں انصاف اہم ہے جسے ہر صورت ہونا چاہئے اس کے لئے ہر قربانی دی جائے گی۔