ایجنسیوں نے میرے کمرے میں جاسوسی آلہ رکھنے کی کوشش کی، معیشت نیچے جائیگی تو کیا نیوٹرلز کا نقصان نہیں ہوگا؟ عمران خان 

      ایجنسیوں نے میرے کمرے میں جاسوسی آلہ رکھنے کی کوشش کی، معیشت نیچے ...

  

     اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جو کہتے ہیں ہم نیوٹرلز ہو کر پیچھے ہو گئے ہیں کیا یہ انکا پاکستان نہیں؟ معیشت نیچے جائے گی تو کیا نیوٹرلز کیلئے نقصان نہیں ہوگا؟۔عمران خان نے کہا ہے کہ کونسی ایسی قیامت آگئی تھی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا،ہماری معیشت سری لنکا کے حالات کی طرف جارہی ہے، اگر ایسا ہوا تو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل سیکیورٹی کیلئے ہوگا،رجیم چینج کا نقصان صرف پاکستان کو ہے،آج ہمیں غلام بنایا جا رہا ہے،ان لوگوں کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے جنکا پاکستان میں کوئی مفاد نہیں،جیسا ابھی چل رہا ہے ویسا چلتا رہا تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس وقت یہ بحث جاری ہے کہ اس ملک کے ساتھ ہوا کیا ہے، اکنامک سروے کے مطابق ہمارے دور میں معیشت بہتر ہورہی تھی، تحریک انصاف کے دور میں زراعت انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں بہتری آرہی تھی،انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ہماری حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی اہل نہیں، اب دو مہینے میں اتنی مہنگائی ہو گئی ہے جتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں تھی، جو قیمت اسوقت قوم مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں ادا کر رہی ہے اسکا ذمہ دار کون ہے؟ ان کاکہنا تھا کہ ملٹری سکیورٹی ایک طرف ہے، معاشی سکیورٹی اتنی ہی اہم ہے، جو چور ڈاکو ہم پر مسلط کیے گئے انکے 1100 ارب معاف کیے گئے، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان میں بیسز مل جائیں اور پاکستان کو اپنے فائدے کیلئے استعمال کریں۔ٹویٹر بیان میں انہوں نے کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کے بجائے امریکہ کی حکومت تبدیل کرنے کی سازش کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والی امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف ہفتے کو امپور ٹڈ حکومت کیخلاف پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ ہو گا، میں پنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔قبل ازیں نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خا ن نے دعوی کیا ہے کہ ایجنسیوں نے میرے نوکروں کو استعمال کرکے میرے کمرے میں جاسوسی آلہ رکھنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوئی کہ ایجنسیاں میرے نوکروں کے ذریعے میرے بیڈ روم میں آلہ رکھوا رہی ہیں تاکہ تمام باتیں ان تک پہنچ سکیں۔ جب پوری تفتیش کی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ جب میں وزیراعظم تھا تب سے ملازموں کو تیار کیا جا رہا تھا،تب سے میرے ملازم کو اپروچ کیا جا رہا تھا اور وہ ایک اور ملازم کے ذریعے ڈیوائس میرے کمرے میں رکھوانا چاہ رہے  تھے تاکہ ریکارڈنگ کی جا سکے۔عمران خان نے مزید بتایا کہ میرے لوگوں کو ان کی جعلی ویڈیوز سے بلیک میل کرکے کہا جارہا ہے کہ میرا ساتھ چھوڑ دیں۔ایک میرے ساتھی کو فیک ویڈیو دکھا کر بلیک میل کیا جا رہا ہے کہ آپ کی یہ ویڈیوز آپ کی فیملی اور بچوں کو بھیج دیں گے۔

عمران خان

مزید :

صفحہ اول -