پاکستان، امریکہ کے مابین پائیدارروابط خطے میں امن اور سلامتی کیلئے ناگز یر: صدر مملکت 

پاکستان، امریکہ کے مابین پائیدارروابط خطے میں امن اور سلامتی کیلئے ناگز یر: ...

  

 اسلام آ باد (آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی سیکٹر میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستان اور امریکہ کے مابین  پائیدار روابط خطے میں امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں،پاکستان ترکی کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں، آسٹریلوی کمپنیاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایوانِ صدر میں پاکستان کیلئے نامزد سفرا ء کی جانب سے اسناد پیش کرنے کی تقریب ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو امریکہ، ترکی، آسٹریلیا، یورپی یونین، بھوٹان اور سوڈان کے سفرا ء نے اسناد پیش کیں۔ بعد ازاں سفرا ء نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات بھی کی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم کی ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین باہمی احترام اور باہمی مفاد کے اصولوں پر مبنی تعمیری اور پائیدار روابط خطے میں امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاک  امریکہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منائی جائے گی۔ صدر مملکت نے ترکی کے سفیر ڈاکٹر محمت پاچاجی سے بھی ملاقات کی، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشمیر، شمالی قبرص، اسلامو فوبیا اور افغانستان سمیت اہم مسائل پر ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دونوں برادر ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ رواں برس 30 نومبر کو شایان شان طریقے سے منائیں گے، پاکستان ترکی کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے بھی ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں، آسٹریلوی کمپنیاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کی سفیر رینا کوئینکا سے بھی ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

صدر مملکت

مزید :

صفحہ آخر -