کراچی پورٹ پر نمک کی آڑ میں آئس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی پورٹ پر نمک کی آڑ میں آئس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) کسٹم نے کراچی پورٹ سے نمک کی آڑ میں آئس کی بڑی مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز کی بروقت کارروائی سے آسٹریلیا کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات رکنے کا خطرہ ٹل گیا۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب خفیہ اطلاع پر پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (پی آئی سی ٹی)پر تعینات پاکستان کسٹم کے ایگزامنگ آفیسر شہزاد بھٹی نے ایک کامیاب  کاروائی کے دوران نمک کی آڑ میں آئس کی بڑی مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ذرائع نے بتایا کہ نمک آسٹریلیا بھیجا جارہا تھا۔ برآمدی کنٹینر نمبر PCIU83453 کے خفیہ خانوں میں 46 کلوگرام آئس انتہائی مہارت کے ساتھ چھپائی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ کسٹم حکام نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم فدا حسین کو گرفتار کرلیا ہے۔سالٹ ایکسپورٹنگ سیکٹر سے وابستہ حب سالٹ کمپنی کے چئیرمین اسماعیل ستار نے ایکسپریس کو بتایا کہ آسٹریلیا کے تمام چین اسٹورز پاکستانی نمک کے سب سے بڑے خریدار ہیں جہاں پاکستان میں نمک کی پیداوار کا 80 فیصد نمک برآمد کیا جاتا ہے  اور روزانہ پاکستان سے آسٹریلیا کے لیے نمک کے کنسائمنٹس ایکسپورٹ ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگر نمک کا یہ کنسائمنٹ بندرگاہ سے نکل جاتا تو پھر آسٹریلیا سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پاکستانی نمک کی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے اور وہاں کے امپورٹرز پاکستان سے نمک کے برآمدی آرڈرز روک دیتے۔