ملتان:عید پر گرینڈ صفائی آپریشن کی تیاریاں،ٹیموں کو ٹاسک
ملتان(سپیشل رپورٹر) ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحی پر گرینڈ صفائی آپریشن کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے حبیبہ سیال میں واقع لینڈ فل سائیٹ پر پیشگی انتظامات شروع کردئے گئے ہیں اور12 ایکڑ پر محیط لینڈ(بقیہ نمبر42صفحہ6پر)
فل سائیٹ میں گڑھے کھودنے کا آغاز کردیا گیاہے۔لینڈ فل سائیٹ میں عمل بستگی (compaction) کی وجہ سے اب وسیع ایریا دستیاب ہے اور ایک عرصے سے جاری عمل کی وجہ سے کوڑے کی بالائی سطح8 فٹ نیچے تک کمپریس ہوگئی ہے۔دوسری طرف عید انتظامات کے حوالے سے شہر کے ہر سیکٹر میں میٹنگز کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔سیکٹرز میں منعقد ہونے والے اجلاسوں میں ڈپٹی منیجرز آپریشنز، سیکٹرانچارج اور سپروائزرز شریک ہورہے ہیں۔ان اجلاسوں میں آلائشوں کے عارضی کلکشن پوائنٹس کے قیام کا جائزہ لیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ ہر سیکٹر میں مشینری اور افرادی قوت کی تعیناتی بارے صلاح و مشورے بھی کئے جارہے ہیں۔ماحول کو آلودگی سے پاک اور خوشگوار بنانے کے لئے اقدامات کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے۔دریں اثناء ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ڈور ٹو ڈور آلائشیں اکٹھی کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔آلائشیں سڑکوں پر پھینکنے کی بجائے کمپنی ورکرز کے حوالے کرنے بارے شہریوں کو آگاہی دینے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سیکٹر انچارج اور سپروائزر کو اپنے اپنے ایریاز میں بطور سوشل موبلائزر متحرک ہونے کی ہدایت کی گئی ہے اور انہیں گلی محلے میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے بارے شہریوں کو آگاہی دینے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔