عوام احتیاط کریں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائے،شرجیل انعام میمن

 عوام احتیاط کریں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائے،شرجیل انعام میمن

  

کراچی (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔ عوام احتیاط کرے اور ماسک پہننے سمیت سماجی فاصلے کو یقینی بنائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ویکسین لگوائی جائے اور جنہوں نے ویکسین لگوائی ہے وہ بوسٹر ڈوز لگوائیں۔ یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام بڑے اسپتالوں کو فعال کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی چیز احتیاط ہے لیکن شہری اس پر دھیان نہیں دے رہے۔ لوگ ماسک کا استعمال نہیں کر رہے ناہی سماجی فاصلے کا خیال رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین اور بوسٹر ڈوز کے بعد اگر کسی کو کرونا ہو بھی جائے تو اس کے اثرات شدید نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کرونا کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً ٹیسٹ کروائے۔ سندھ حکومت  کرونا ٹیسٹ کی مفت سہولت فراہم کر رہی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ لوگ ٹیسٹ نہیں کروا رہے اور کرونا چھپا رہے ہیں، جس سے وہ خود کو، اپنے بچوں، خاندان اور والدین کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹس، بازار، ریسٹورنٹ اور شادی ہال کی  بندش کی پالیسی پر اس وقت کوئی غور نہیں ہو رہا۔ ملک کی موجودہ معاشی حالات میں بندش کی پالیسی  نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ذمہ داری حکومت وقت پر چھوڑ دیتے ہیں۔ لیکن اگر عوام خود احتیاط کرنا شروع کر دے تو بہتری آسکتی ہے۔ حکومت ریسٹورنٹ، شادی ہال اور بازار بند کرنے کے احکامات جاری کرتی ہے اس کا نقصان ہم سب کو ہوگا۔ عوام کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کیوں حکومتی احکامات کا انتظار کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عوام میں کرونا کی آگاہی کا آغاز بھی کریں گے۔ لیکن آگاہی اس بات کی دی جاتی ہے، جس سے متعلق لوگوں کو علم نہ ہو۔ سب جانتے ہیں کہ کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔ ہم سب کو اپنی ذمہ داری کو محسوس کرنا پڑے گا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنی لازمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی قریب ہے ہمیں مویشیوں منڈیوں میں ماسک پہننے،سماجی دوری سمیت عید کے نماز کے اجتماعات میں سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -