"آج عمران خان  سارے گھروں  میں گھس گیا، جس طرح پاک فوج پورے ملک کی آواز ہے اسی طرح عمران سارے ملک کی آواز ہے" شیخ رشید کا جلسے سے خطاب

"آج عمران خان  سارے گھروں  میں گھس گیا، جس طرح پاک فوج پورے ملک کی آواز ہے اسی ...

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جس طرح پاک فوج ملک  کی آواز ہے اسی طرح عمران خان سارے ملک کی آواز ہے، آج عمران خان  سارے گھروں  میں گھس گیا ہے، پاکستان کے تمام حساس اداروں، تمام مقتدر حلقوں اور اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں کہ پاکستان کی بہتری اسی میں ہے کہ جلد الیکشن کا اعلان کردیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مہنگائی کے خلاف پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو ایک بات بتانا چاہتا ہوں،راولپنڈی میں عمران خان کا انقلاب ہے،  وہ عمران خان کو یقین دلاتے ہیں کہ انہوں نے راولپنڈی میں ایسا جذبہ کبھی نہیں دیکھا جیسا آج دیکھا ہے۔ انہوں نے اپنے دوستوں کو السلام علیکم کہہ دیا ہوا ہے، وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔

شیخ رشید نے حکومتی اتحاد کو مخاطب کرکے کہا  بے ایمانو ، آج عمران خان سارے پاکستان کی آواز ہے، سارے گھروں  میں گھس گیا ہے، جس طرح پاک فوج ملک  کی آواز ہے اسی طرح عمران خان سارے ملک کی آواز ہے۔جولائی بڑا اہم مہینہ ہے، 17 جولائی کو پی ٹی آئی کے امیدواروں کو جتوا کر اس امپورٹڈ حکومت کا سیاسی جنازہ لکشمی چوک میں دفن کرنا ہے۔

انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج ایک چور نے اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنادیا، ایک چور نے اپنے بیٹے کو وزیر مواصلات بنادیا، جس کو وزیر مواصلات بنایا گیا ہے  اس نے تو کبھی مسجد کا  غسل خانہ بھی نہیں بنایا، ایک بیٹے کو وزیر خارجہ بنادیا گیا ہے، ڈیزل اپنے بھائی کو خیبر پختونخوا کا گورنر لگوانا چاہتا ہے۔ پاکستان کے تمام حساس اداروں، تمام مقتدر حلقوں اور اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں کہ پاکستان کی بہتری اسی میں ہے کہ جلد الیکشن کا اعلان کردیا جائے کیونکہ یہ لوگ اس ملک کو نہیں چلا سکتے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -