عید الاضحیٰ پر صفائی آپریشن ،56ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور کوڑا اٹھا لیا گیا
لاہور(اپنے نمائندے سے)وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور نگران وزیرِ اعلی محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر میں عیدالضحی کے حوالے سے صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔لاہور کے شہریوں کے لیے عید الضحیٰ 2023صفائی صورتحال کے حوالے سے اطمینان بخش رہی۔گرینڈ صفائی آپریشن بلا تعطل تینوں شفٹوں میں جاری رہا۔چاند رات سے شروع ہونے والے صفائی آپریشن کے تحت 56 ہزار ٹن سے زائد ویسٹ اور آلائشیں اُٹھا کرشہر کو فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے دھو کر صاف کر دیا گیا۔عید الالضحیٰ گرینڈ آپریشن کو ایل ڈبلیو ایم سی میں قائم کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کیا گیا۔ منسٹر بلدیات عامر میر، منسٹر ہا¶سنگ سید اظفر علی،کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کی سربراہی میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین عید ایام میں گرینڈ صفائی آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے مسلسل شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے۔ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے فیلڈ میں دن رات بلا تعطل متحرک رہنے والے ورکرز میں عیدی اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاو اکا کہنا ہے کہ عید ایام میں کم سے کم وقت میں شہر کو زیرو ویسٹ بنایا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرینڈ آپریشن کی کامیابی کے اصل ہیرو ہمارے ورکرز ہیں،وزیرِ بلدیات عامر میر نے ایل ڈبلیو ایم سی صفائی آپریشن 2023کو لاہور کی تاریخ کا کامیاب ترین آپریشن قرار دے دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایل ڈبلیوایم سی کے تمام ورکرز بشمول فیلڈ افسران کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے شاباش دی۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ ہم نے چاند رات سے اب تک چوبیس،چوبیس گھنٹے کام کیا،عید الاضحی کے دوران ضلعی اداروں کا تعاون ناقابلِ بیان ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے۔عید پر بروقت ویسٹ کولیکشن ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جامعہ پلاننگ، ورکرز کی کارکردگی اور شہریوں کے تعاون سے عید آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ عید الضحی صفائی آپریشن کا آغازچاند رات سے ہوا اور عیدایام کے دوران دن رات جاری رہنے والے صفائی آپریشن کی تمام سرگرمیوں کو ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے ذریعے مانیٹر کیا گیا۔چاند رات کے خصوصی زیرو ویسٹ آپریشن کے دوران 10 ہزار ٹن سے زائد گرین ویسٹ اورجانوروں کا فضلہ ٹھکانے لگایا گیاجبکہ عید کے پہلے روز 17 ہزار500 ٹن، عید کے دوسرے روز 17ہزار700 ٹن، تیسرے روز11ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اُٹھائی گئیں۔لکھوڈیر ڈمپنگ پوائنٹ سمیت 05پوائنٹس پر ماحول دوست طریقے سے تلف کرنے کے لیے زمین میں دفن کر کے مٹی اور چونے سے ڈھک دیا گیا۔ایل ڈبلیوایم سی نے عید کے اختتام پر شہر میں قائم190 اجتماعی قربان گاہوں، 106عارضی کلیکشن پوائنٹس اور مویشی منڈیوں میں زیرو ویسٹ آپریشن بھی کیا جبکہ جامع مساجد، عید گاہوں، قربان گاہوں کی ڈس انفیکٹنٹ سے خصوصی دھلائی کی گئی۔ عید آپریشن میں ایل ڈبلیوایم سی افسران سمیت ہزارواں ورکرز نے حصہ لیا۔ آپریشن کو معمول کی مشینری کے علاوہ اضافی گاڑیوں کی بھی مدد حاصل رہی جن میں پک اپس، ڈمپرز، آرم رول کنٹینرزاور لوڈرز شامل ہیں۔ 343 ایکسکویٹرز، 956ڈمپرز، 615 ٹرالیاں، 238 لوڈرز اور 3499 پک اپ گرینڈ صفائی آپریشن کیلئے مامور کی گئیں۔سی ای اوایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین عید الاضحی کے تینوں روز عید کیمپس، ویسٹ کلیکشن سنٹر اور ڈمپنگ پوائنٹس کا دورہ کرتے رہے۔واضح رہے کہ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے پوری لاہور ڈویژن کی عید پہلے ، دوسرے اور تیرے روزمکمل آپریشن صفائی تفصیل جاری کر دی۔ کمشنرلاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایل ڈبلیو ایم سی ہیڈ آفس میں اجلاس میں دن بھر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہورسمیت پوری ڈویژن کے شہر عید کے دوسرے دن بھی زیرو ویسٹ ہو گئے ہیں۔ لاہور میں گزشتہ روز بھی 17ہزار ٹن سے زائد جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ، قصور میں 3145ٹن آلائشیں ڈمپ کی گئیں۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔عید صفائی پلان انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ٹیموں اور مشینری کی بھی چیکنگ کی۔ گزشتہ رات سپیشل آپریشن میں 17ہزار ٹن کوڑا اٹھا کر شہر کو زیرو ویسٹ کیا گیا۔گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے کے لیے پک اپ گاڑیاں فیلڈ میں مسلسل موجود رہیں۔کنٹرول روم مانیٹرنگ کے علاوہ سپیشل برانچ ٹیمیں بھی فیلڈ میں متحرک ر ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز نے اپنے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایات پر افسران کیمپس پر کھڑے ہو کر عوام میں ویسٹ بیگ بھی تقسیم کر تے رہے۔