ملک کو سودی قرضوں کی دلدل سے نکالاجائے،خالد مسعود سندھو
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تین ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائے معاہدے پر خوشی کے شادیانے بجانے کی بجائے ملک کو سودی قرضوں کی دلدل سے نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ہماری ناکام معاشی پالیسیوں کے سبب آج ہم بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔مرکزی مسلم لیگ پاکستان کو اس سودی نظام، عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی اور بھیک سے چلنے والی معیشت کا خاتمہ کرے گی اور وطن عزیز کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لیئے ان معاشی پالیسیوں کا اطلاق کرے گی۔جس میں خود انحصاری اور خودداری ہماری بنیادی اقدار ہونگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عید ملن پارٹی میں کابینہ ارکان اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ ہمیں شکر نہیں بلکہ افسوس کرنا چاہیے کہ ہماری آزادی اور ہماری آنے والی نسلوں کو غلام بنانے کےلئے 3 ارب ڈالر کے عوض معاہدے کیے جارہے ہیں۔جبکہ دوسری جانب بھارت 3 ارب ڈالر کے ڈرون خریدنے کے معاہدے کر رہا ہے۔ حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اتفاق رائے سے ملک کو معاشی عدم استحکام سے نکالنے کے لیے حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، تمام اداروں، جماعتوں کو کچھ بنیادی اصول طے کرنے ہونگے تاکہ ملک کو ایک معاشی ویڑن پر چلایا جاسکے۔