سویڈن میں قرآن مجید کی توہین کھلی دہشتگردی ہے،مولانا امجد خان
لاہور (پ ر)سویڈن میں قرآن مجید کی توہین کھلی دہشتگردی ہے۔یورپ اسلام فوبیا کا شکار ہے،سویڈن میں قرآن مجید کی ایک مرتبہ پھر بے حرمتی پر امت مسلمہ میں شدید اضطراب اور غصہ ہے،وطن کے دشمن سازشوں میں مصروف ہیں ان کا مقابلہ اتحاد سے ہی ممکن ہے ۔علماءاسلام اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور یہ مشن جاری رکھیں گے۔سنت ابراہیمی کا مقصد تقوی کا ماحول پیداکرنا ہے ۔ ملکی مسائل کا واحد حل قر آن کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔ سودی قرضوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔مسلم ممالک مقدسات کی توہین کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی کرائیں اور سوئیڈن کا سفارتی وتجارتی مکمل طور پر بائیکاٹ کریں ۔یہ باتیں جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے جماعتی وفود میڈیا نمائندگان سے گفتگو اور جامعہ رحمانیہ میں جمعہ اور عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کا اسلام دشمنی کا کردار دنیا کو نظر کیوں نہیں آتا؟ سویڈن میں قرآن مجیدکو جلانے کے واقعہ اس سال کا اسلام دشمنی کا سب سے بڑا واقعہ ہے جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔یورپی دنیا نے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔ عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم سے دوٹوک جواب دینا ہوگا۔ مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ قرآن مجید کی منظم بے حرمتی مسلم ممالک کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ سویڈن اس افسوسناک واقعہ پر مسلم دنیا سے معافی مانگے۔عالم اسلام کو اقوام متحدہ میں قانون سازی کروانے کے لئے ڈٹ جاناہوگا۔اس طرح دنیا میں امن بھی ہوگا اورمقدسات کا احترام بھی ہوگا۔