ڈینگی کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے عید کے تینوں دن شہریوں کی خدمت میں مصروف رہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ موسم برسات کے دوران ڈینگی لاروا کی افزائش کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ جہاں پانی کھڑا ہو ان جگہوں کو خشک کیا جائے، قبرستانوں میں پرندوں کو پانی پلانے کے لئے رکھے گئے برتنوں کا پانی روزانہ تبدیل کیا جائے۔قبرستانوں میں جھاڑیوں کو بھی تلف کیا جائے اور صفائی کے بھی انتظامات کئے جائیں۔ وزیر صحت نے راولپنڈی شہر کے قبرستانوں کا دورہ کیا اور انسداد ڈینگی اقدامات تیز کرنے کی اہمیت پر ضرور دیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے راولپنڈی کے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ عید منائی۔ انہوں نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، بے نظیر بھٹو ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راجہ بازار کا دورہ کیا۔انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے ان ہسپتالوں میں مریضوں کو مہیا کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور انہیں علاج معالجے کی ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کا یقین دلایا۔ وزیر صحت نے عیدکے روز ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو مبارکباد دی اور انکا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے خیابان سر سید اور بعض دیگر مقامات پر نالہ لئی کا معائنہ بھی کیا اور بارشوں کے بعد نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نالہ لئی کے اردگرد صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مون سون کے پیش نظر نالہ لئی کی صفائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں بلڈنگ میٹریل پھنکنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں گرنے والے نالوں کی صفائی مسلسل کی جائے تاکہ پانی کے بہاو¿ میں کہیں بھی رکاوٹ حائل نہ ہو۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے واسا کو ہدایت کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں گلیوں اور سڑکوں سے پانی کی نکاسی کو فوری طور پر یقینی بنانے کیلئے ایمرجنسی منصوبہ بندی کی جائے اور اضافی مشنری کا بھی بندو بست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈی واٹرنگ مشینوں کو چالو حالت میں رکھا جائے اور اس حوالے پر ہفتہ اعلیٰ افسران معائنہ کریں تاکہ تمام ضروری سامان چالو حالت میں رہے۔