سیاحت کا شعبہ غیرملکی سرمایہ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ،احسن ظفر
اسلام آباد(اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں انہوں نے آئندہ ماہ 7سے 9جولائی تک سکردو میں ہونے والی پہلی آئی سی سی آئی انٹر نیشنل ٹورزم سمٹ کے حوالے سے بریف کیا۔اس موقع پر ٹورزم کانفرنس کے حوالے سے انتظامات اور اقدامات پر بھی تفصیلی بتادلہ خیال کیا گیا۔ صدر اسلام آباد چیمبر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کا شعبہ پاکستان کیلئے سب سے زیادہ آسانی سے غیر ملکی سرمایہ حاصل کرنے کا ذریعہ ہے،ہمارے شمالی علاقہ جات جیسے سیاحتی مقامات شاید دنیا میں کہیں نہیں ہیں،تاہم ہمارا مسئلہ ہے کہ بدقسمتی سے سیاحت کو ہمارے ہاں کبھی ترجیح حاصل نہیں رہی اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات نہ کیے جانے کی وجہ سے سیاح دوسرے ملکوں کا رخ کر رہے ہیں۔
سی پیک منصوبہ مکمل کرنے اور سکردو انٹر نیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کیلئے مزید اقدمات اٹھانے کی ضرورت ہے۔سکردو میں انٹر نیشنل فلائٹس کا اجرا ہونا چاہیے۔دنیا بھر سے پروازیں سکردو آنی چاہئیں۔اس کے علاوہ سکردو میں سیاحت کے فروغ کیلئے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔سیاحت کے فروغ کیلئے نئے ریسٹورنٹس ،ہوٹلز اور گیسٹ ہاﺅس بنائے جانے چاہئیں تاکہ سیاحوں کی توجہ حاصل کی جا سکے۔اسلام آباد چیمبر شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہا ہے ۔