کرس گیل نے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کردی
لاہور( سپورٹس ڈیسک )ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور جارح مزاج اوپنر کرس گیل نے بھارت میں ورلڈکپ 2023 کیلئے چار سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے حوالے سے پیشگوئی کردی۔سابق ویسٹ انڈیز کپتان کرس گیل نے پاک بھارت میچ کی مقبولیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت جب ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے ہیں تو کھیل مقبولیت میں بےپناہ اضافہ ہوتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ان کھیلوں کے لیے بہت زیادہ رقم کا مطالبہ کرنا چاہیے۔گیل نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی کے اعلیٰ عہدے پر ہوتے تو وہ ان ہائی پروفائل میچوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لیے نمایاں طور پر زیادہ مالی معاوضے ادا کرتے۔