ملکی ترقی ‘ خوشحالی کیلئے الیکشن انتہائی ضروری ‘ شاہ محمود قریشی 

ملکی ترقی ‘ خوشحالی کیلئے الیکشن انتہائی ضروری ‘ شاہ محمود قریشی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 ملتان(سٹی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے انتخابات ضروری ہیں۔ اسحاق ڈار آئی ایم ایف کی شرائط پہلے مان لیتے تو شاید گومگو کی صورتحال نہ ہوتی، وزیر خزانہ سب شرائط مان چکے ہیں، چند روز میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے(بقیہ نمبر42صفحہ6پر )
 دربار حضرت بہا الدین زکریا کے احاطہ میں نماز عید کی ادائیگی کے بعدمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، اسحاق ڈار سب شرائط مان چکے ہیں، چند روز میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، معاشی بہتری کیلئے انتخابات بہت ضروری ہیں، ہم سب کو چاہیے کہ ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالیں اور الیکشن کروائیں۔ اگر درست انتخاب ہو تو ہم اس مشکل سے نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہابھارت کے معاشی حالات بھی پاکستان جیسے تھے مگر انہوں نے منصوبہ بندی سے حالات تبدیل کر لئے، بھارت دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننا چاہ رہا ہے پاکستان کو بھی سوچنا ہوگا، بھارتی وزیراعظم کہہ رہا ہے پاکستان کو اس کے حال پر چھوڑ دو جو کہ لمحہ فکریہ ہے، ہمیں یکجا ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔ مہنگائی کے باعث لوگوں کا خاندان اور کاروبار متاثر ہوچکا ہے۔افراط زر 38 فیصد تک بڑھ چکا ہے۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے، گندم کی فصل اچھی ہونے کے باوجود گندم 46 سو روپے من فروخت ہو رہی ہے۔ ہمیں اس چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آئی ایم ایف اور بیرونی قرضوں سے آزاد ہوسکیں۔جب ہم اپنے اور ملک کے بارے میں سوچیں گے تو ہم ان پریشانیوں سے نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہااس عید پر تحریک انصاف کے بہت سے کارکن جو قید میں ہیں وہ بے گناہ ہیں انکی رہائی ہونی چاہیے، قانون کے مطابق سب کو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔نا اہلی کے خاتمے کے لئے قانون سازی پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہوسکتا ہے قانون سازی نواز شریف کو واپس لانے کے لیے جارہی ہیں۔تحریک انصاف کے مستقبل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کسی سیاسی جماعت کا مستقبل کسی جماعت کے پاس نہیں بلکہ عوام کے پاس ہے۔عوام سب سے بڑی طاقت ہیں۔دوبارہ گرفتاریوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اگر دوبارہ گرفتاریاں ہوئیں تو دیکھ لیں گے۔انہوں نے عید کے موقع پر حجاج کرام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تمام حاجیوں کو حج کی مبارکباد دیتا ہوں، مہنگائی کے باوجود جن لوگوں نے قربانی کا اہتمام کیا اللہ پاک انکی قربانی قبول کرے۔انہوں نے دعا کی جو پاکستانی کشتی ڈوبنے سے ہم میں نہیں رہے اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔انہوں نے ٹائٹینک ڈوبنے کے واقعات میں جو پاکستانی لقمہ اجل بنے ان کی مغفرت کے لئے بھی دعا کروائی۔قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے دربار حضرت بہا الدین زکریا کے احاطہ میں اپنے صاحبزادے مخدومزادہ زین حسین قریشی و خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ نماز عیدالاضحی ادا کی۔ نماز کے اختتام پر انہوں نے ملکی سلامتی و ترقی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔ بعد ازاں انہوں نے حضرت بہا الدین زکریا اور حضرت شاہ رکن الدین عالم کے مزارات پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے دربار حضرت بہا الدین زکریا کے احاطہ میں مدفون اپنے والدین اور بزرگوں کی قبروں پر حاضری دی ۔