عیدالاضحیٰ پر تمام اداروں اور نمائندوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، بہترین انداز میں آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا، میئر کراچی

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کاکہناہے کہ عیدالاضحیٰ پر تمام اداروں اور نمائندوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، بڑے عرصے بعد شہر میں روا داری نظر آئی، انتظامیہ نے بہترین انداز میں آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ عید پر ہمارے تمام نمائندے کام کرتے ہوئے نظر آئے، عید پر کراچی کے ہر ٹائون کا دورہ کیا، کراچی کے اندر اتحاد نظر آیا ، پیپلزپارٹی سمیت جماعت کے لوگوں نے بھی ساتھ دیا، ان کاکہناتھا کہ ایک لاکھ 13ہزار 435ٹن آلائشیں جمع ہوئیں،31ہزار ٹن کچرا جمع کیا گیا،سب لوگوں نے ملکر اس طرح کام کیا کہ شہریوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔
میئر کراچی نے کہاکہ ماضی کے مقابلے میں عوام کو اس مرتبہ پریشانی نہیں ہوئی، عید پر صفائی آپریشن بخوبی مکمل کیا، اس بار آلائشوں کو سڑکوں اور نالوں میں نہیں پھینکا گیا۔