پاکستان کرکٹ بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیاں، حکومت نے مینجمنٹ کمیٹی دور کا تمام ریکارڈ دوبارہ مانگ لیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں پر وفاقی حکومت نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی دور کا تمام ریکارڈ دوبارہ مانگ لیا،پاکستان کرکٹ بورڈ حکومت کو ریکارڈ کی فراہمی سے گریزاں ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کو دوبارہ یاددہانی کا خط لکھ دیا،حکومت نے سلمان نصیر کو نجم سیٹھی دور میں بھرتیوں کا تمام ریکارڈفراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
خط کے متن میں کہاگیاہے کہ کوچز سمیت کنٹریکٹ اور مستقل بنیادوں پر رکھے گئے تمام افراد کا ڈیٹا فراہم کیا جائے ،پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں اخراجات کے تمام ریکارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
خط میں مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہے، اس کے علاوہ نجم سیٹھی دور میں ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خط میں میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے مینجمنٹ کمیٹی دور میں کوچز اور آفیشلز کیخلاف کتنی انکوائریاں ختم کی گئیں ،پاکستان کرکٹ بورڈکوتمام ریکارڈ4 جولائی تک فراہم کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے، وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی یاددہانی خطوط 16مئی، 2،13اور22جون کو بھی لکھ چکی ہے،وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سےیاددہانی خط تحریر کیاگیا۔
یاددہانی خط کی کاپی وزیراعظم آفس کو بھی ارسال کی گئی ، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے غیرضروری اخراجات سے متعلق شکایات پر بھی ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔