واٹس ایپ گروپ سے نکالنے پر شہری عدالت پہنچ گیا، فیصلہ حق میں آنے کے باوجود خواہش کیوں پوری نہ ہو سکی؟

کمپالا (ڈیلی پاکستان آن لائن) یوگنڈآ میں واٹس ایپ گروپ سے نکالنے پر شہری عدالت پہنچ گیا، فیصلہ آنے کے باوجود اس کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بیتوا بابو ہربرٹ نامی شہری کو واٹس ایپ ایڈمن نے گروپ سے نکالا تو اس نے حیرت انگیز طور پر عدالت سے رجوع کر لیا۔ سینئر مجسٹریٹ نے ہربرٹ کی درخواست سنی، وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر جو فیصلہ دیا وہ اتفاق سے ہربرٹ کے حق میں آیا۔
ہربرٹ کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا کیونکہ وہ توقع نہیں کر رہا تھا کہ فیصلہ اس کے حق میں آئے گا کیونکہ کہ کسی بھی گروپ ایڈمن کی مرضی ہوتی ہے کہ وہ کسی کو نکالے یا رکھے۔ تاہم ہربرٹ کے ساتھ یہ ہوا کہ گروپ ایڈمن نے عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اسے نہ صرف گروپ میں شامل کر لیا بلکہ گروپ ایڈمن بھی بنا دیا۔
مگر ہربرٹ کی پریشانی تب دوچند ہو گئی جب اسے پتہ چلا کہ تمام گروپ ممبران نے وہ گروپ چھوڑ دیا ہے سمیت پرانے گروپ ایڈمن کے۔ اب صورت حال یہ تھی کہ ہربرٹ گروپ میں اکیلا رہ گیا تھا جو ممکنہ طور پر پرانے گروپ ایڈمن اور ممبران کے نیا واٹس ایپ گروپ بنانے پر ایک مرتبہ پھر عدالتی چارہ جوئی کا سوچ رہا ہے۔