پہلی بار پاکستان کے عالمی کپ نہ کھیلنے پردکھ ہوا، رانا مجاہد

پہلی بار پاکستان کے عالمی کپ نہ کھیلنے پردکھ ہوا، رانا مجاہد

 لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے کہا ہے کہ پہلی بار پاکستان کے عالمی کپ نہ کھیلنے پر انہیں بہت شرمندگی اور دکھ ہو رہا ہے انٹرویو میں رانا مجاہد نے کہا کہ کبھی ہاکی پاکستان کے بغیر نامکمل سمجھی جاتی ہے مگر آج ورلڈ کپ ہی پاکستان کے بغیر ہو رہا ہے، جس پر ہم سب کو پریشانی اور ندامت ہے:”ہم سب اس دکھ کو محسوس کر رہے ہیں اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم ہر صورت شریک ہو گی اور میری سیکرٹری شپ میں ایسا تاریک دور پھر نہیں آئے گا۔رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کے بہتر مستقبل کے لیے ہاکی اولمپیئنز میں ساس بہو کا جھگڑا ختم ہو چکا ہے۔ اس وقت ماضی کے تمام کھلاڑی ایک ہی صفحے پر ہیں اور سب کی خواہش ہے کہ پاکستان ہاکی کو اس کے سنہرے دن لوٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کریں گے مگر نتائج کی ذمہ داری سلیکٹرز اور ٹیم مینیجمنٹ پر ہی ہو گی۔تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب چار بار کی عالمی چمپین پاکستانی ٹیم یہ میگا ایونٹ کھیلنے سے محروم ہے۔نوّے کی دہائی میں دو سو سے زائد بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے رانا مجاہد نے کہا کہ انہوں نے ہاکی کی بہتری کے لیے سب کی مشاورت سے ٹونٹی ٹونٹی کے نام سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت سب سے پہلے ہم اپنا گھر ٹھیک کریں گے۔ 

مزید : کھیل اور کھلاڑی