حکومت نے گندم خریداری کا ہدف پورا کر لیا: وزیر خوراک پنجاب

حکومت نے گندم خریداری کا ہدف پورا کر لیا: وزیر خوراک پنجاب

 لاہور (اے این این) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے گندم خریداری کا ٹارگٹ کامیابی سے پورا کرلیا ہے۔آج تک 37لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جاچکی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ آخری دانے تک گندم خریدی جائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ماہ رمضان سے قبل عوام کی سہولت کے لئے آٹے کی قیمت میں کمی کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز گلشن راوی اتوار بازار کے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب رمضان پیکیج کے تحت اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی پر 5ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جس سے عام آدمی کو رمضان کے مہینہ میں اشیائے ضروریہ کے حوالے سے فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2لاکھ میٹرک ٹن آلو انڈیا سے امپورٹ کیا ہے جبکہ سہولت بازاروں اور اتوار بازاروں میں مقامی آلو بھی دستیاب ہے جو ورائٹی کے لحاظ سے عوام کی اپنی چوائس کے تحت انڈیا کا آلو 35روپے فی کلو ، مقامی آلو 50روپے فی کلو سے 55روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہا ہے اور اب آلو کی کسی قسم کی قلت نہ ہے۔

مزید : کامرس