تربیلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول سے 11 فٹ زائد رہ گیا
اسلام آباد(آن لائن) تربیلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول سے 11 فٹ زائد رہ گیا ، ڈیم میں قابل استعمال پانی صرف چند دن کی ضرورت پوری کرسکتاہے۔ ڈیمز میں پانی کی آمد کم ہونے سے لوڈشیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ تربیلا میں پانی کی سطح 1389فٹ ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال کے مقابلے انتہائی کم سطح پر ہے، ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے گیارہ فٹ زائد ریکارڈ کی گئی۔ آج ڈیم میں پانی کی آمد 89 ہزار اور اخراج 75 ہزار کیوسک رکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ سال یکم جون کو ڈیم میں پانی کا اخراج ایک لاکھ 13 ہزار 500 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ صرف ایک لاکھ سات ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا ہے، اگلے چند دنوں تک ختم ہو جائے گا۔ زرعی ماہرین کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی حالیہ صورتحال خریف کے فصلوں کے لیے کسی حد تک پانی کی کمی سامنا ہو سکتا ہے جبکہ ڈیم میں پانی کے بہاؤمیں کمی کی وجہ سے ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے۔ جو لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافے کا باعث بنے گی۔ ملک میں اس وقت بھی طلب و رسد کا فرق تین ہزار میگاواٹ سے زائد ہے۔ دوسری جانب منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 29لاکھ14 ہزار ایکڑ فٹ رکارڈ کیا گیا ڈیم میں پانی کی آمد 69 ہزار520اور اخراج 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ منگلا میں پانی کی سطح 1172.20 فٹ رکارڈ کی گئی جو ڈیڈ لیول سے 68 فٹ اوپر رکارڈ کی گئی ہے۔ تربیلا ڈیم کے انتہائی کم سطح پر آنے کے بعد بجلی کی پیداوار اور زرعی مقاصد کے لیے منگلا ڈیم میں پانی کے ذخیرے پر انحصار کرنا پڑے گا۔