آمریت کی خواہش رکھنے والے ناکام ہوں گے، پیر فضل حق

آمریت کی خواہش رکھنے والے ناکام ہوں گے، پیر فضل حق

لاہور(سٹاف رپورٹر) جمعیت مشائخ پاکستان کے قائدپیر فضل حق نے دو جماعتی گرینڈ الائنس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آمریت کی خواہش رکھنے والے ناکام ہوں گے اور جمہوری حکومت اپنی مزیدچار سالہ مدت اقتدار پوری کرے گی مشائخ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں پیر فضل حق نے کہا کہ طاہرالقادری اور چودھری شجاعت حسین عوام کے مستر د شدہ سیاستدان ہیں جبکہ عمران خان اقتدار کی ہوس اور سیاسی ناپختگی سے جمہوری نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ غیر جمہوری اور منفی ایجنڈے پر اکٹھے ہونےوالوں کوبے صبری اور بے چینی کا مظاہرہ کر نے کی بجائے مزید چار سال انتظار کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت بڑی مشکل سے کارکنوں کی قربانیوں سے پٹڑی پر چلی ہے،اس لئے ایسے کسی اقدام سے گریز کیا جائے جس سے غیر جمہوری قوتوں کو طالع آزمائی کا موقع ملے پیر فض حق نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کے مقابلے کے لئے حکومت کا ساتھ دیں انہوں نے پیش گوئی کی کہ مسلم لیگ ن کی حکومت مزید چار سال کا عرصہ اقتدارمیں رہے گی۔

 اور سیاسی یتیم ناکام رہیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ عوام احتجاجی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ عمران خان، طاہرالقادری اور چودھری شجاعت حسین سمیت کسی کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا۔ان کے لئے بہتر ہے کہ دوسال کے بعد رابطہ عوام مہم شروع کریں۔ جو 2018ءکے انتخابات تک جاری رکھیں اور عوام تک اپنا پیغام پہنچائیں۔بے وقت کی راگنی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4