امریکی شہری نے زمین پر پڑے 125ہزار ڈالر مالک کو واپس کردیئے
فریسنو(این این آئی) کیلیفورنیا میں سیلویشن آرمی کے کارکن کو ایک آرمرڈ ٹرک سے 125 ہزار ڈالر کی رقم واپس لوٹانے پر انعامات سے نوازا جارہا ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق جو کورنیل نے فریسنو بی کو بتایا کہ برنک نامی ادارے کا یہ ٹرک سگنل پر کھڑا تھا تاہم اسنے ہری بتی جلنے کا انتظار نہ کیا اور آگے بڑھ گیا تاہم پیچھے ایک بڑا سا تھیلہ چھوڑ گیا جو پیسوں سے بھرا ہوا تھا۔میں کانپنے اور رونے لگا، اس لمحے میرے ذہن میں اچھا، برا سب کچھ چل رہا تھا۔تاہم جو کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کے ہاں جلد اولاد ہونے والی ہے اور اسی پیشرفت نے انہیں فیصلہ کرنے میں مدد کی۔میں نے سوچا اسے اگر کبھی پتہ چلا تو وہ میرے بارے میں کیا سوچے گا؟ اس خیال نے مجھے درست فیصلہ لینے میں مدد کی۔برنک کے ترجمان ایڈ کننگھم کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ ٹرک سے پیسے کیسے گرے تاہم انہوں نے واقعے کو سیکورٹی کا مسئلہ قرار دیا۔کمپنی نے انعام کے طور پر جو کو پانچ ہزار ڈالر دیے جبکہ ان کی تنظیم سیلویشن آرمی کو بھی پانچ ہزار ڈالر سے نوازا جائےگا۔